ڈونلڈ ٹرمپ کی لندن کے میئر ساجد خان پر پھر کڑی تنقید

اپ ڈیٹ 16 جون 2019
لندن کو جلد از جلد ایک نئے میئر کی ضرورت ہے،امریکی صدر — فوٹو: ایجنسیز
لندن کو جلد از جلد ایک نئے میئر کی ضرورت ہے،امریکی صدر — فوٹو: ایجنسیز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر کے خلاف کی گئی حالیہ تنقید میں کہا ہے کہ برطانیہ کو ایک نئے میئر کی ضرورت ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ' اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کیٹی ہاپکنز کی جانب سے لندن مین پیش آنے پرتشدد واقعات سے متعلق کی گئی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ' لندن کو جلد از جلد ایک نئے میئر کی ضرورت ہے، صادق خان ایک تباہی ہیں، اس سے مزید حالات خراب ہوں گے'۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے کی گئی ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میئر قوم کے لیے ذلت کا باعث ہیں جو شہر کو تباہ کررہے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے دورے سے قبل صادق خان پر تنقید کی تھی جس پر لندن کے میئر نے انہیں جواب دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ لندن کے میئر مجھ پر نہیں لندن میں ہونے والے جرائم پر توجہ دیں۔

خیال رہے کہ لندن کے پہلے مسلمان میئر نے اخبار میں ایک مضمون لکھا تھا جس میں انہوں نے 1930 اور 1940 کے دور کے یورپی آمروں سے امریکی صدر کا موازنہ کیا تھا۔

اس وقت میئر کے ترجمان نے ٹرمپ کے ٹوئٹ کو بچکانہ اور امریکی صدر کے عہدے کے برخلاف قرار دیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ برس جولائی میں لندن کے دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے صادق خان پر دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں ناکامی کا الزام عائد کیا تھا اور امیگریشن کو لندن میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر کی وجہ قرار دیا تھا۔

ٹرمپ اور صادق خان کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب لندن کے میئر نے امریکی صدر کی جانب سے بعض مسلمان ممالک سے آنے والے افراد پر لگائی گئی سفری پابندیوں پر تنقید کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں