پنجاب حکومت کا میٹرو بس کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 17 جون 2019
صوبائی حکومت گذشتہ برس سے ہی بس کے کرایوں میں اضافہ چاہتی تھی—فائل فوٹو/ اے ایف پی
صوبائی حکومت گذشتہ برس سے ہی بس کے کرایوں میں اضافہ چاہتی تھی—فائل فوٹو/ اے ایف پی

پنجاب حکومت نے لاہور اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا اطلاق جولائی میں نئے مالی سال کے آغاز سے ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کے سیئنر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ راولپنڈی کے مقام صدر سے اسلام آباد میں پاکستان سیکریٹریٹ تک فی شخص کرایہ 20 روپے برقرار رکھنے کے لیے صوبائی حکومت پی ایم اے کو سالانہ ایک ارب 90 کروڑ روپے کی سبڈی دے رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نئی صوبائی حکومت گذشتہ برس سے ہی بس کے کرایوں میں اضافہ چاہتی تھی لیکن عوامی تنقید کے بعد اب تک ایسا نہیں کیا، تاہم اب اس اضافے کی منظوری دی گئی اور 14 جون کو پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئیں جبکہ اسے بجٹ تجاویز کے ساتھ شامل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: لاہور میٹرو بس کے کرائے میں اضافے کا امکان

پی ایم اے جنرل منیجر آپریشنز عزیر شاہ نے تسلیم کیا کہ حکومت نے بس کرایوں کو 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس تجویز کو بجٹ میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے کرائے کا اطلاق باضابطہ طور پر یکم جولائی سے ہوگا اور اس سے پی ایم اے 80 کروڑ روپے کمائے گی۔

عزیز شاہ کا کہنا تھا کہ فلیٹ ریٹ مقرر کیے گئے تھے کیونکہ پی ایم اے سمجھتی ہے کہ اسٹاپ سے اسٹاپ کرایا عوام پر بوجھ بڑھتا اور مسافروں میں کمی کا باعث بنتا۔

ان نئے کرایوں کا اطلاق راولپنڈی-اسلام آباد روٹ اور لاہور میں ہوگا لیکن ملتان میں اس کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ صوبائی بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

مذکورہ جنرل منیجر آپریشنز نے بتایا کہ پی ایم اے راولپنڈی-اسلام آباد سروس کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے کی سالانہ سبسڈی حاصل کرتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں دو میٹرو بسوں میں تصادم، لڑکی جاں بحق، متعدد زخمی

ساتھ ہی ان کا یہ کہنا تھا کہ ’گذشتہ 3 برس میں میٹرو بس سروس سے 5 کروڑ 20 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو ایک اچھا رجحان ہے‘۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے ترجمان ناصر میر نے ڈان کو بتایا کہ ’کرایوں میں اضافہ آغاز ہے اور آنے والے دنوں میں حکومت کمائی کے ذرائع سے اپنے بھاری اخراجات پورا کرنے کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹرانسپورٹ سروس کے کرائے بڑھائے گی‘۔

ان کا کہنا تھا حکومت نے عوام پر بھاری ٹیکسز لگا کر زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، لہٰذا صوبائی حکومت کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے سبسڈی جاری رکھنی چاہیے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Faisal Mahmood Jun 17, 2019 01:01pm
40 ruppes better tha