’باہوبلی‘ ہیرو نے انوشکا سے شادی پر خاموشی توڑ دی

دونوں کے درمیان 2017 سے تعلقات ہیں—فوٹو: اڑیسہ ٹی وی
دونوں کے درمیان 2017 سے تعلقات ہیں—فوٹو: اڑیسہ ٹی وی

بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار ہونے والی ایکشن پیرڈ ڈرامہ فلم ’باہو بلی 2‘ کے ہیرو پربھاس اور ہیروئن انوشکا شیٹھی کے درمیان تعلقات کی خبریں کافی عرصے سے چل رہی ہیں۔

دونوں کی جانب سے ’باہو بلی 2‘ میں کام کرنے کے دوران تعلقات استوار ہوئے اور پھر یہ تعلقات رومانس تک پہنچے اور گذشتہ کچھ عرصے سے خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

گذشتہ برس چہ مگوئیاں تھیں کہ پربھاس اور انوشکا شیٹھی 2018 کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ پربھاس کے چچا نے گذشتہ برس بتایا تھا کہ ان کے بھتیجے 2018 کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے—فوٹو: نیوز نیشن
دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے—فوٹو: نیوز نیشن

لیکن گذشتہ چند ماہ سے بھارتی میڈیا میں ایک بار پھر پربھاس اور انوشکا شیٹھی کی شادی کی خبریں وائرل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ دونوں رواں برس کے آخر تک شادی یا پھر منگنی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

اپنی شادی اور منگنی کی خبروں پر کچھ دن قبل ہی انوشکا شیٹھی نے خاموشی توڑتے ہوئے پربھاس کو اپنا بہترین دوست قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: باہلو بلی ہیرو بھی 2018 میں ہی شادی کریں گے

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ پربھاس ان کے بہترین دوست ہیں، تاہم ان دونوں نے شادی کے حوالے سے ابھی کوئی پروگرام نہیں بنایا۔

اداکارہ نے میڈیا میں اپنی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ پربھاس کی صرف بہترین دوست ہیں۔

دونوں کی فلم باہو بلی 2 نے ریکارڈ کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ
دونوں کی فلم باہو بلی 2 نے ریکارڈ کمائی کی تھی—اسکرین شاٹ

انوشکا شیٹھی کے بعد اب پربھاس نے بھی شادی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ جب بھی وہ شادی کری گے تو میڈیا کو بتا کر ہی کریں گے۔

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق پربھاس ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ساہو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور انہوں نے اسی دوران میڈیا سے بات چیت کے دوران اپنی شادی پر بھی بات کی۔

پربھاس کا کہنا تھا کہ انوشکا شیٹھی اور انہوں نے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ جب بھی ایسا فیصلہ کریں گے تو سب کو اطلاع کریں گے۔

اداکار نے بھی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا، تاہم بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ دونوں ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر تک رشتے میں بندھ جائیں گے۔

انوشکا شیٹھی تامل، تیلگو اور بنگالی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
انوشکا شیٹھی تامل، تیلگو اور بنگالی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں