وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ملاقات

ڈی جی آئی ایس آئی کی وزیراعظم عمران خان سے یہ پہلی ملاقات ہے—فوٹو:وزیراعظم ہاؤس
ڈی جی آئی ایس آئی کی وزیراعظم عمران خان سے یہ پہلی ملاقات ہے—فوٹو:وزیراعظم ہاؤس

وزیر اعظم عمران خان سے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

خیال رہے کہ 16 جون کو پاک فوج میں اہم تقرریاں کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ آئی ایس آئی کا نیا ڈی جی مقرر کیا گیا تھا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو گجرانوالا میں کورکمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

پاک فوج میں کی گئیں دیگر تقرریوں میں لیفٹیننٹ جنرل عامر عباسی کو جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل اور لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز کو جی ایچ کیو میں انجینیئر ان چیف تعینات کردیا گیا۔

رواں سال ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل کا عہدہ دیا گیا۔

خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018 میں لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کی ریٹائرمنٹ کے بعد آئی ایس آئی کا ڈی جی مقرر کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور شمالی علاقہ جات میں فورس کمانڈ کے کمانڈر کے عہدوں پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں، انہیں مارچ 2018 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج میں 4 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کو رواں برس اپریل میں لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد سمیت دیگر 4 افسران کے ساتھ ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا تھا۔

لیفٹننٹ جنرل فیض حمید ترقی کے وقت آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید پاک فوج کے بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے پنوں عاقل میں ایک ڈویژن کی کمانڈ کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں