چین سے تجارت کی بحالی کیلئے مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے، ٹرمپ

اپ ڈیٹ 19 جون 2019
ٹرمپ کے مطابق صدر شی جن پنگ سے جاپان میں ملاقات ہوگی—فوٹو:اے پی
ٹرمپ کے مطابق صدر شی جن پنگ سے جاپان میں ملاقات ہوگی—فوٹو:اے پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے تجارت کی بحالی کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ سے اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلی فون پر بڑی اچھی گفتگو ہوئی، ہم اگلے ہفتے جاپان میں جی-20 اجلاس میں ملاقات کریں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری ملاقات کے پیش نظر ہماری متعلقہ ٹیمیں مذاکرات شروع کریں گی’۔

خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان اس وقت تجارتی جنگ زوروں پر ہے جس کے باعث عالمی سطح پر مالی ادارے اور مارکیٹیں شدید دباؤ میں ہیں اور عالمی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین پڑوسیوں کی خودمختاری ختم کرنے سے باز رہے، امریکا

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات گزشتہ ماہ اس وقت معطل ہوگئے تھے جب دونوں جانب سے شدید الزامات عائد کیے جارہے تھے جس کے بعد دونوں جانب کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے جاپان میں گروپ آف 20 کے اجلاس میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے خواہاں ہیں جبکہ وہ مسلسل یہ کہتے آئے ہیں کہ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوں گے لیکن چین کی جانب سے اس حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

تاہم امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد امریکا کی جانب سے چینی اشیا پر مزید ٹیرف عائد کرنے سے گریز کرنے اور اس حوالے سے مذاکرات دوبارہ شروع ہونے میں آسانی ہوگی۔

یاد رہے کہ جون 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے 50 ارب ڈالر کی چینی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف متعارف کرایا تھا جس کی وجہ سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی تنازع پیدا ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں