'محمد مرسی کے قتل کی مجرم'، مصری حکومت کو عالمی عدالت لے جائیں گے، ترک صدر

اپ ڈیٹ 20 جون 2019
ترک صدر نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی محمد مرسی کے قتل پر سخت اقدام اٹھائے— فوٹو: اے پی
ترک صدر نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی محمد مرسی کے قتل پر سخت اقدام اٹھائے— فوٹو: اے پی

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی موت کی ’مجرم‘ مصری حکومت کو عالمی عدالت میں لے کر جائیں گے۔

استنبول میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں 20 منٹ تک مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے رہے لیکن حکام نے توجہ نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: مصری حکومت نے علاج کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کیں

انہوں نے کہا کہ ’میں اس لیے کہتا ہوں کہ محمد مرسی مرے نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا‘۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد مرسی کے قتل پر سخت اقدام اٹھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم، بطور ترکی، اس مسئلے کو زندہ رکھیں گے اور محمد مرسی کے قتل کے جرم میں مصر کی حکومت کو عالمی عدالت میں لے جائیں گے‘۔

ترکی کے صدر نے محمد مرسی کو شہید کا لقب دیا اور کہا مجھے یقین ہے کہ محمد مرسی کی موت قدرتی وجوہات کے سبب نہیں تھی۔

مزید پڑھیں: مصر کے سابق صدر محمد مُرسی سپرد خاک

رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ وہ مذکورہ معاملہ رواں ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے جی 20 ممالک کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مُرسی 17 جون کو کمرہ عدالت میں انتقال کر گئے تھے۔

عدالتی ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد مرسی عدالت میں موجود پنجرے نما سیل میں بند تھے جہاں انہوں نے کچھ دیر جج سے گفتگو کی، سابق صدر نے جج سے تقریباً 20 منٹ تک بات کی، اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔

محمد مرسی کو جاسوسی، مظاہرین کو قتل کروانے اور جیل توڑنے کے الزامات کے تحت عمر قید، سزائے موت اور 20 سال قید کی سزائیں بھی سنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ہیومن رائٹس واچ گروپ نے محمد مرسی کی وفات کو ’خوفناک‘ قرار دیا۔

گروپ کا کہنا تھا کہ مصری حکومت سابق صدر کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے محمد مرسی کے کمرہ عدالت میں انتقال اور پنجرے میں گزرے، ان کے آخری لمحات سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Malik Jun 20, 2019 12:36pm
کوئی اور اسلامی لیڈر اتنا نڈر اور بے ناک نہیں کہ دوسروں کے حقوق کی بات کرے جہاں اس کا کچھ فائدہ نہیں ۔ یہ تبھی ھو سکتا ھے جب لیڈر شپ باصلاحیت، باکردار اور حق شناس ھو