نوجوان پر بلا اشتعال فائرنگ پر ڈولفن فورس کے 4 اہلکار معطل

اپ ڈیٹ 20 جون 2019
20 سالہ موٹر سائیکل سوار رضا اپنی والدہ کیلئے ادویات خریدنے جارہا تھا کہ اہلکاروں نے فائرنگ کی — فائل فوٹو/بشکریہ فیس بک
20 سالہ موٹر سائیکل سوار رضا اپنی والدہ کیلئے ادویات خریدنے جارہا تھا کہ اہلکاروں نے فائرنگ کی — فائل فوٹو/بشکریہ فیس بک

پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل عارف نواز خان نے ایم ایم عالم روڈ پر نوجوان موٹر سائیکل سوار پر بلا اشتعال فائرنگ کے الزام میں ڈولفن فورس کے 4 اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بتایا گیا کہ 20 سالہ موٹر سائیکل سوار رضا اپنی والدہ کے لیے ادویات خریدنے جارہا تھا کہ ڈولفن اہلکاروں نے ایم ایم عالم روڈ پر اسے رکنے کا اشارہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کی ہلاکت پر ڈولفن فورس کے 4 اہلکار گرفتار

موٹرسائیکل سوار نے ڈولفن اہلکاروں کا اشارہ نہیں دیکھا جس پر اہلکاروں نے نوجوان پر فائرنگ کردی اور ایک گولی رضا کے پاؤں پر لگی اور وہ سڑک پر گر گیا۔

ڈولفن اہلکار نوجوان کو پہلے لیبرٹی مارکیٹ لے گئے جہاں انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر زور دیا کہ وہ ڈاکو ہونے کا اعتراف کرے۔

بعدازاں اہلکار زخمی نوجوان کو بجی ہسپتال لے گئے جہاں اسے ایک اور طبی مرکز منتقل کردیا گیا۔

رضا کی والدہ نے میڈیا پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعہ کا نوٹس لیں اور ڈولفن اہلکاروں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے لوگوں کی ماؤں کو انصاف فراہم کریں۔

مزیدپڑھیں: لاہور: ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ، 2 بچوں سمیت 4 راہ گیر زخمی

اس دوران آئی جی پی عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لیا اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں سی سی پی او کو ہدایت دی کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایس پی ڈولفن بلال ظفر نے فائرنگ کرنے والے 4 اہلکاروں کو معطل کردیا اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک مسیحی خاتون ہلاک ہو گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کی ڈولفن فورس، عوامی وسائل کا ضیاع؟

مقتولہ اپنے خاوند اور بیٹی کے ہمراہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی سے واپس اپنے گھر جارہی تھیں کہ اس دوران بینک اسٹاپ کے پاس ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے متاثرہ خاندان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

اس سے قبل نومبر 2018 میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے گلشن راوی میں ذہنی معذور شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں