ہولی وڈ کی پہلی سپر اسٹار مارلن منرو کا مجسمہ چوری

مارلن منرو 36 برس کی عمر میں اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں—فوٹو: ریڈٹ
مارلن منرو 36 برس کی عمر میں اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں—فوٹو: ریڈٹ

ہولی وڈ کی ماضی کی مقبول، خوبرو، کروڑوں افراد کے خوابوں کی شہزادی اور پہلی سپر اسٹار کا درجہ رکھنے والی آنجھانی اداکارہ مارلن منرو کا مجسمہ چوری کرلیا گیا۔

مارلن منرو کا مجسمہ لاس اینجلس میں قائم ہولی وڈ میوزیم کی 2 منزلہ عمارت کے کارنر میں قائم ’ہولی وڈ خواتین کے جھروکے‘ کے نام سے قائم حصے سے چرایا گیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ماضی کی خوبرو ترین اداکارہ کا یادگار مجسمہ چوری ہونے کے بعد لاس اینجلس پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

پولیس نے ’ہولی وڈ خواتین کے جھروکے‘ کے نام سے قائم حصے سے چوروں کی انگلیوں کے نشان بھی حاصل کرلیے ہیں۔

میوزیم کے عہدیدار کے مطابق انہیں ایک عینی گواہ نے بتایا کہ انہوں نے چوروں کو میوزیم کے جھروکے میں گھستے ہوئے دیکھا تھا۔

مارلن منرو کا مجسمہ ہولی وڈ خواتین کے جھروکے کے نام سے قائم حصے میں رکھا گیا تھا—فوٹو: اسکائے نیوز
مارلن منرو کا مجسمہ ہولی وڈ خواتین کے جھروکے کے نام سے قائم حصے میں رکھا گیا تھا—فوٹو: اسکائے نیوز

مارلن منرو کا چوری ہوجانے والا مجسمہ 1994 میں میوزیم میں بنائے گئے خصوصی حصے میں دیگر 4 اداکاراؤں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔

میوزیم کے ’ہولی وڈ خواتین کے جھروکے‘ کے حصوں کو سب سے زیادہ پرکشش حصہ سمجھا جاتا ہے اور آنے والے سیاہ سب سے زیادہ تصاویر اسی حصے میں کھچواتے ہیں۔

اس کارنر میں مارلن منرو کے مجسمے کے ساتھ ماضی کی مقبول اداکارہ ڈولرس ڈیل ریو، ڈروتھی ڈینڈرج، مائی ویسٹ اور اینا مے وانگ کا مجسمے سجائے گئے ہیں۔

میوزیم کے اس حصے میں موجود ماضی کی مقبول اور خوبرو اداکاراؤں کے یہ دلکش مجسمے نہ صرف فلمی شائقین بلکہ عام سیاحوں میں مقبول ہیں۔

اس حصے میں دیگر اداکاراؤں کے مجمسے بھی موجود تھے—فوٹو: انسٹاگرام
اس حصے میں دیگر اداکاراؤں کے مجمسے بھی موجود تھے—فوٹو: انسٹاگرام

مارلن منرو کا جو مجسمہ چوری کیا گیا وہ ان کی 1955 میں ریلیز ہونے والی معروف فلم ’دی سیون ایئر اچ‘ کے ایک سین سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا۔

مارلن منرو کا یہ سین بہت مقبول ہوا تھا اور انہوں نے اسی سین میں پہنی ہوئی ڈریس کے ساتھ فلم کے بعد بھی کئی تصاویر کھچوائی تھیں اور ان کی یہ تصاویر آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔

مارلن منرو کا مجسمہ کانسی کا بنا ہوا تھا اور اس پر انتہائی نفاست سے کام کیا گیا تھا۔

مارلن منرو انتہائی کم عمری میں محض 36 برس کی عمر 1962 میں اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔

اداکارہ کا چوری ہونے والا مجسمہ ان کی 1955 میں ریلیز ہونے والی فلم کے سین پر بنایا گیا تھا—فوٹو: پنٹ ریسٹ
اداکارہ کا چوری ہونے والا مجسمہ ان کی 1955 میں ریلیز ہونے والی فلم کے سین پر بنایا گیا تھا—فوٹو: پنٹ ریسٹ

رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی موت حد سے زیادہ نیند کی گولیاں کھانے سے ہوئی تھی۔

مارلن منرو نے نیند کی گولیاں اور منشیات کھانے کا آغاز اپنی تیسری شادی کی ناکامی کے بعد 1961 میں کیا تھا۔

اگرچہ مارلن منرو تیسری شادی کی ناکامی سے قبل بھی شراب نوشی اور منشیات کا استعمال کرتی تھیں، تاہم شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے ان کے استعمال میں اضافہ کردیا تھا۔

خوبرو اداکارہ نے تین شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی 1942 میں کی اور محض 4 سال بعد ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی۔

انہوں نے پہلی شادی اپنے کیریئر کے آغاز میں کی اور وہ کیریئر شروع کرتے ہی شہرت کی بلندیوں کو پہنچی تھیں۔

اداکارہ کو ہولی وڈ کی پہلی اسٹار بھی مانا جاتا ہے—فوٹو: پنٹ ریسٹ
اداکارہ کو ہولی وڈ کی پہلی اسٹار بھی مانا جاتا ہے—فوٹو: پنٹ ریسٹ

مارلن منرو نے دوسری شادی 1954 میں کی اور محض ایک سال بعد ان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی۔

اداکارہ نے تیسری اور آخری شادی 1956 میں کی جو 1961 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

مسلسل شادیوں کی ناکامی کی وجہ سے انہوں نے منشیات کا استعمال زیادہ کر دیا تھا، جس وجہ سے انہیں متعدد بار ہسپتال بھی داخل کرایا گیا تھا۔

مارلن منرو اس وقت کی پہلی ہولی وڈ سپر اسٹار تھیں اور ان کی خوبصورتی کے چرچے پوری دنیا میں تھے۔

مارلن منرو کو سب سے زیادہ شہرت اس وقت ملی جب ان کی تصاویر ایڈلٹ میگزین ’پلے بوائے‘ میں شائع ہوئیں۔

مارلن منرو کو پہلی بولڈ اداکارہ بھی قرار دیا جاتا ہے—فوٹو: امگرم ویب
مارلن منرو کو پہلی بولڈ اداکارہ بھی قرار دیا جاتا ہے—فوٹو: امگرم ویب

تبصرے (0) بند ہیں