مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر کی گرفتاری پر پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع

امیر حمزہ نامی شہری نے حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ولید آصف بٹ کے خلاف درخواست دی تھی — فائل فوٹو/ اقبال مرزا
امیر حمزہ نامی شہری نے حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ولید آصف بٹ کے خلاف درخواست دی تھی — فائل فوٹو/ اقبال مرزا

لاہور: مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے صدر ولید بٹ کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروادی گئی۔

قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے گوجرانوالہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر ولید بٹ کو گرفتار کرکے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانا چاہتی ہے، عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنے والوں کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: ریاستی اداروں کےخلاف نفرت آمیز مواد، لیگی یوتھ ونگ کا صدر گرفتار

قرار داد کے متن کے مطابق حکومتی جماعت نے 5 سال سوشل میڈیا پر گالم گلوچ اور الزام تراشی کے کلچر کو فروغ دیا، حکومت سیاسی کارکنوں کی تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرے۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ یہ ایوان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ یوتھ ونگ کے صدر ولید بٹ کی گرفتاری کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ولید بٹ کو فی الفور رہا کیا جائے۔

گذشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر کو اعلیٰ عدلیہ، فوج اور وزیراعظم کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام میں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آصف اقبال نے بتایا تھا کہ گوجرانوالہ میں امیر حمزہ نامی شہری نے حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ولید آصف بٹ کے خلاف درخواست دی تھی۔

شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ ’ولید آصف بٹ نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمرجاوید باوجوہ اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف انتہائی گھٹیا اور ہتک آمیز زبان استعمال کی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کو سائبر کرائم کے 15 نئے شکایتی مراکز قائم کرنے کی اجازت

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’ولید آصف بٹ کے اس طرح کے اقدام سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے‘۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ولید آصف بٹ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں