سونے سے قبل اس چائے کا استعمال نیند کے دوران چربی گھلائے

20 جون 2019
یہ مشروب بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ مشروب بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا توند نکلنے نے آپ کو پریشان کر رکھا ہے اور ورزش کرنے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہورہا ؟

تو پھر اس چربی کو گھلانے کے لیے ایک عام چیز کو فوری اپنالیں جو میٹابولزم کو تیز کرنے میں مدد دیتی ہے۔

تو اس اضافی چربی کو گھلانے کے لیے آپ کچن میں موجود ایک چیز کو رات کو سونے سے پہلے پانی میں ملا کر پی لیں یا یوں کہہ لیں اس کی چائے بنا کر پی لیں، جس سے نیند کے دوران ہی اضافی چربی گھلنا شروع ہوجائے گی اور کچھ دنوں میں ہی فائدہ حیران کردے گا۔

اور وہ ہے دارچینی۔

جی ہاں یہ عام چیز توند سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

دارچینی کی چائے قدرتی طور پر ورم کش ہوتی ہے جس سے پیٹ پھولنے کی تکلیف سے نجات ملتی ہے جبکہ جسمانی تناﺅ بھی کم ہوتا ہے اور ہاں میٹابولزم کی رفتار بھی بڑھتی ہے جبکہ جسمانی توانائی بڑھتی ہے۔

یہ مشروب بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے اور انسولین کی حساسیت کو بڑھاتا ہے اور یہ دونوں ہی موٹاپے سے نجات کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس کو بنانے کا طریقہ جان لیں۔

اجزا

ایک اسٹک دار چینی

ڈیڑھ کپ پانی

طریقہ کار

ڈیڑھ کپ پانی کو ساس پین میں ڈال دیں اور پھر ایک اسٹک دارچینی کا اضافہ کرکے برتن کو ڈھکن سے ڈھک دیں اور پھر پانی کو ابالنے کے لیے رکھ دیں۔

اگر چاہے تو دار چینی کی پوری اسٹک ڈالنے کی بجائے اس کے کئی ٹکڑے کرلیں، اس کے بعد پانی کو ہلکی یا درمیانی آنچ پر 15 سے 25 منٹ تک ابالیں، جب وہ ابل جائے تو چولہا بند کرکے مشروب کو 15 منٹ تک چھوڑ دیں۔

جب چائے کی رنگت گہری ہوکر یعنی گولڈن سرخ رنگ کی ہوجائے تو چھلنی کپ پر رکھ کر پانی اس میں منتقل کردیں اور دارچینی کے تمام ٹکڑوں کو کپ میں نہ جانے دیں اور پھر پی لیں۔

ماہرین کے مطابق رات کو سونے سے قبل اس مشروب کو پینا نیند کے دوران کیلوریز جلانے میں مدد دیتا ہے کیونکہ یہ بلڈشوگر لیول اور انسولین کی مزاحمت کو متوازن کرتا ہے جس سے چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے جبکہ بے وقت منہ چلانے کی خواہش پر قابو پانے بھی آسان ہوجاتا ہے۔

اگر اس مشروب کے ساتھ 30 منٹ کی ورزش جیسے جاگنگ، سیڑھیاں چڑھنا، سائیکلنگ اور سوئمنگ میں سے کسی کو عادت بنالیں تو چربی گھلنے کا عمل زیادہ تیز ہوسکتا ہے۔

اور ہاں مشروب کے ذریعے چربی گھلانے کے ساتھ ایک چیز کا خیال رکھنا ہے کہ کیلوریز کا استعمال کم کردیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں