پاکستان کی سیر آپ کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند

21 جون 2019
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— فوٹو بشکریہ سید مہدی بخاری
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— فوٹو بشکریہ سید مہدی بخاری

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ پر بہت زور دیا جارہا ہے جو نہ صرف معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ یہ خود آپ کے دل کو بھی صحت مند بنائے گا۔

جی ہاں سائنس نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ دفتر یا گھر کے تناﺅ سے نکل کر کسی پرفضا مقام کا رخ کرنا امراض قلب سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Syracuse یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سال میں ایک بار کسی جگہ چھٹیاں منانے جانے سے میٹابولک سینڈروم کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

میٹابولک سینڈروم طبی زبان میں مختلف امراض جیسے فشار خون، ہائی بلڈ شوگر اور ہائی کولیسٹرول وغیرہ کے مجموعے کو کہا جاتا ہے جس سے امراض قلب، فالج اور ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لوگ جب بھی کہیں گھومنے جاتے ہیں، ان میں میٹابولک سینڈروم کا خطرہ ایک چوتھائی حد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران لوگ جتنا زیادہ گھومنے جائیں گے، ان میں میٹابولک سینڈروم کا خطرہ اتنا ہی کم ہوگا جس سے امراض قلب، فالج اور ذیابیطس سے بچنا بھی ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت اہم دریافت ہے کہ چھٹینا منانے اور امراض قلب سے تحفظ کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا ہے۔

اس تحقیق میں 63 دفتری ورکرز کو تنخواہ کے ساتھ تعطیلات منانے کے لیے بھیجا گیا مگر اس سے پہلے خون کے نمونے اور جسمانی چربی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ایک سال کے دوران ان افراد کو 5 بار تعطیلات منانے کا موقع دیا گیا اور نتاءجسے معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے زیادہ وقت گھومنے میں لگایا، ان میں میٹابولک سینڈروم کی شرح اتنی ہی کم ریکارڈ ہوئی۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے فزیولوجی اینڈ ہیلتھ جرنل میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں