پاکستان،قطر کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اپ ڈیٹ 23 جون 2019
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے — فوٹو: پی آئی ڈی
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر کے مابین ون آن ون ملاقات ہوئی — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔

پاکستان اور قطر کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے، جس پر قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے دستخط کیے۔

سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں ترقی کے لیے تعاون سے متعلق یادداشت پر سیکریٹری جنرل قطر نیشنل ٹورزم کونسل اکبر الباقر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے دستخط کیے۔

دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد اور خفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر فنانشل انفارمیشن یونٹ قطر کے سربراہ شیخ احمد بن عید الطہانی اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فنانشل مانیٹرنگ یونٹ منیر احمد نے دستخط کیے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر اعظم عمران خان بھی وزیر اعظم ہاﺅس میں منعقدہ اس تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم، امیر قطر کی ملاقات

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا۔

امیر قطر کے لیے بلے کا تحفہ

وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کے دوران اپنا دستخط کیا ہوا بلا تحفے میں دیا۔

امیر قطر نے بھی عمران خان کو قطر کی قومی فٹبال ٹیم کی شرٹ تحفے میں پیش کی۔

واضح رہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس پر اترا تھا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شیخ تمیم بن حمد الثانی کا استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے معزز مہمان کی گاڑی خود چلائی۔

امیر قطر کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شیخ تمیم بن حمد الثانی کو وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ 'جے ایف 17' تھنڈر نے فلائی پاسٹ کرکے سلامی پیش کی۔

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

خیال رہے کہ قطر کے امیر وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں جس میں اہم وزرا اور سینئر حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد ان کے ہمراہ موجود ہے۔

اپنے دورے کے دوران وہ وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ صدر ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات اور تبادلہ خیال کریں گے۔

فریقین باہمی مفاد کے لیے مستحکم اقتصادی شراکت داری کے قیام کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔

مزید پڑھیں: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2 روزہ دورے پر ہفتے کو پاکستان پہنچیں گے

توقع ہے کہ شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورے سے دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

امیر قطر اس سے قبل 2015 میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

وزیر خارجہ کی قطری ہم منصب سے ملاقات

قبل ازیں قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں خوش آمدید کہا اور ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ قطر، پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ڈھائی ارب ڈالر سے زائد کی سطح تک پہنچ چکا ہے اور گزشتہ کچھ عرصے میں باہمی تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں