ایپل کے موبائل کے بعد کمپیوٹرز میں بھی سام سنگ کی اسکرین

اپ ڈیٹ 23 جون 2019
ایپل نے سام سنگ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس سے اسکرین خریدے گی—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ایپل نے سام سنگ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس سے اسکرین خریدے گی—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

ٹیکنالوجی آلات تیار کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنی ایپل جلد ہی متعارف کرائے جانے والے اپنے 16 انچ میک بک پرو اور آئی پیڈ پرو میں اپنی حریف کمپنی سام سنگ کی اسکرین استعمال کرے گی۔

جی ہاں، امریکی کمپنی ایپل کو دنیا کی معتبر کمپنی مانا جاتا ہے، تاہم وہ اپنے آنے والے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں جنوبی کورین کمپنی کی او ایل ای ڈی اسکرین استعمال کرے گی۔

ٹیکنالوجی ادارے ’ای ٹی نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایپل اپنی حریف کمپنی کی اسکرین کو اپنے آلات میں استعمال کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ بھی آئی فون ایکس کا ڈیزائن چرانے کے لیے تیار؟

اس سے قبل ایپل نے آئی فون ایکس میں بھی سام سنگ کی تیار کردہ اسکرین استعمال کی تھی۔

آئی فون ایکس کی کامیابی کے بعد ایپل نے سام سنگ سے مزید اسکرین خریدنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں کمپنی نے سام سنگ سے اسکرینز نہیں خریدیں۔

رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے سام سنگ سے اسکرینز نہ خریدنے کی وجہ سے جنوبی کورین کمپنی کو مالی نقصان ہوا اور اس کی کمائی بھی نصف ہوگئی۔

کمائی نصف ہونے کے بعد سام سنگ نے ایپل کو وعدے سے مکر جانے پر جرمانہ ادا کرنے کے لیے کہا یا پھر اسکرینز خریدنے کی شرط رکھی، جس پر امریکی کمپنی سام سنگ سے مزید اسکرینز خریدنے میں تیار ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اب ایپل اپنی حریف کمپنی سام سنگ کی تیار کردہ اسکرینز نہ صرف آئی فون بلکہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں بھی استعمال کرے گی۔

مزید پڑھیں: ’ایپل‘ اور ’سام سنگ‘ کے بعد تیسری بڑی کمپنی کون سی؟

یہی نہیں بلکہ ایپل نے اسکرینز سمیت دیگر آلات کے لیے سام سنگ سمیت ایل جی سے بھی معاہدہ کرلیا ہے اور وہ اپنے آلات میں جنوبی کورین کمپنیوں کے آلات استعمال کرے گی۔

خیال رہے کہ سام سنگ کو اسمارٹ موبائل بنانے والی سب سے بڑی کمپنی مانا جاتا ہے جب کہ سام سنگ کو اسکرینز تیار کرنے کے حوالے سے بھی بڑی کمپنی مانا جاتا ہے۔

سام سنگ دنیا بھر کے ٹیکنالوجی اداروں کی جانب سے اپنے آلات میں استعمال کیے جانے والی اسکرینز کا 40 فیصد حصہ تیار کرتی ہے اور ان کی اسکرینز ایپل سمیت دیگر بڑی کمپنیاں بھی استعمال کرتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں