ایک گولی بھی چلائی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات خاکستر ہوجائیں گے، ایران

اپ ڈیٹ 23 جون 2019
ایران میں ایک امریکی جاسوس کو پھانسی دے دی گئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ایران میں ایک امریکی جاسوس کو پھانسی دے دی گئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی

ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی نوعیت کا حملہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں اس کے مفادات خاکستر ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ انہوں نے آخر وقت پر تہران پر حملے کا فیصلہ واپس لیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید ایک ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

ایران کے بریگیڈیئر جنرل عبدالفضل نے کہا کہ ایران کی جانب چلائی جانے والی ایک گولی بھی مشرق وسطیٰ میں امریکی اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو خاکستر کردے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر دشمن (امریکا اور اس کے اتحادی) بارود سے بھرے ڈبے پر گولی چلا کر عسکری غلطی کرتے ہیں تو خطے میں آگ بھڑک اٹھے گی۔

ایرانی بریگیڈیئر جنرل کے بیان کے بعد تہران کی جانب سے بتایا گیا کہ ’ایک امریکی جاسوس کو پھانسی دے دی گئی‘۔

ایرانی خبر ایجنسی 'ارنا' نے عسکری حوالے سے بتایا کہ جلال حاجی وزارت دفاع کے ایئر اسپیس آرگنائزیشن میں ٹھیکیدار تھا جو امریکی سی آئی اے اور حکومت کے لیے جاسوسی کرتا تھا۔

مزید پڑھیں: امریکا کی ایران کو سویلین جوہری منصوبے جاری رکھنے کی اجازت

خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے مابین جوہری معاہدے کا تنازع کئی عرصے سے جاری ہے۔

واشنگٹن کی جانب سے جوہری معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد تہران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں تاہم ایران کو معاہدے کے دو نکات پر تجارتی استثنیٰ حاصل تھا۔

اسی دوران امریکا نے ایران کی پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

بعد ازاں امریکا نے تجارتی استثنیٰ میں توسیع سے بھی انکار کردیا۔

11 مئی کو امریکا نے ایران کو دباؤ میں لانے کے لیے خلیج فارس میں بی 52 بمبار، لڑاکا طیارے اور جنگی بحری بیڑا اتارنے کے بعد اسالٹ شپ اور پیٹرائٹ میزائل دفاعی نظام تعینات کردیئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایرانی ’پاسداران انقلاب‘ کو دہشت گرد قرار دے دیا

ایران کے جوہری معاملات سے متعلق اعلیٰ سطح کے عہدیدار نے 17 جون کو اعلان کیا تھا کہ عالمی طاقتوں سے ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد ایران 27 جون سے عالمی طاقتوں سے جوہری معاہدے میں یورینیم افزودگی کی طے شدہ حد سے تجاوز کر جائے گا۔

ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال واندی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’آج سے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی 300 کلوگرام حد سے تجاوز کرنے کے لیے الٹی گنتی شروع کردی گئی ہے اور 10 دن میں ہم اس سے تجاوز کر جائیں گے‘۔

مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ان کی تعداد 1500 ہوجائے گی جس کا اعلان گذشتہ ہفتے ٹینکر حملوں کے بعد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایران کا 27 جون سے یورینیم افزودگی کی طے شدہ حد سے تجاوز کرنے کا اعلان

امریکا نے ایران کے خلاف معاشی پابندیوں کو سخت کرتے ہوئے تمام ممالک اور کمپنیوں کو حکم دیا تھا کہ وہ ایران سے تیل کی درآمد ختم کردیں یا پھر عالمی مالیاتی نظام سے الگ کر دیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں