امیر قطر دورہ پاکستان کے بعد واپس وطن روانہ

23 جون 2019
امیر قطر گذشتہ روز پاکستان 
پہنچے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
امیر قطر گذشتہ روز پاکستان پہنچے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اپنا 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس قطر روانہ ہوگئے۔

شیخ تمیم بن حمد الثانی نور خان ایئربیس سے قطر کے لیے واپس روانہ ہوئے۔

قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز 'نشان پاکستان' سے نوازا تھا۔

امیر قطر اپنے وقد کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے تھے جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان کا استقبال کیا تھا۔

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت دیگر وزرا، اعلیٰ سول و فوجی حکام شریک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2 روزہ دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان،قطر کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شیخ تمیم بن حمد الثانی کا استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے معزز مہمان کی گاڑی خود چلائی۔

امیر قطر کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شیخ تمیم بن حمد الثانی کو وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ 'جے ایف 17' تھنڈر نے فلائی پاسٹ کرکے انہیں سلامی پیش کی۔

وزیراعظم، امیر قطر کی ملاقات

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان اور امیر قطر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا۔

امیر قطر کے لیے بلے کا تحفہ

وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کے دوران اپنا دستخط کیا ہوا بلا تحفے میں دیا۔

وزیراعظم کے لیے قطر فٹبال جرسی کا تحفہ

امیر قطر نے بھی عمران خان کو قطر کی قومی فٹبال ٹیم کی شرٹ تحفے میں پیش کی۔

خیال رہے کہ فٹبال کا آئندہ ورلڈکپ 2022 میں قطر میں ہی منقعد کیا جائے گا جس کی تیاریاں قطر نے ابھی سے ہی شروع کردی ہیں جبکہ قطر اس ایونٹ میں میزبان ملک کی حیثیت سے شرکت کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں