مولانا فضل الرحمٰن کی دعوت پر مریم نواز اے پی سی میں شریک ہوں گی

23 جون 2019
اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ ماہ اے پی سی بلانے کا : فیصلہ کیا تھا—فوٹو:نادر گرامانی
اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ ماہ اے پی سی بلانے کا : فیصلہ کیا تھا—فوٹو:نادر گرامانی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز 26 جون کو ہونے والی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں جمیعت علمااسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی دعوت پر شرکت کریں گی۔

شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے مریم نواز سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اے پی سی میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مولانا فضل الرحمٰن کی دعوت قبول کرلی ہے اور وہ 26 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت کریں گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز اے پی سی میں شرکت کے لیے آئیں گی اور اسلام آباد میں 2 روز قیام کریں گی۔

مزید پڑھیں:جے یو آئی (ف) کا 'آل پارٹیز کانفرنس' 26 جون کو بلانے کا اعلان

واضح رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کُل جماعتی کانفرنس 26 جون کی صبح 11 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کی میزبانی مولانا فضل الرحمٰن کریں گے جس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما شرکت کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن پر اہم فیصلے ہوں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی اور بجٹ کی منظوری سے متعلق امور پر بھی غور ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کے قرضوں کے حوالے سے حکومت کے تشکیل کردہ انکوائری کمیشن کو تسلیم کرنا ہے یا نہیں، اس حوالے سے بھی کانفرنس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف اے پی سی ہوگی، بلاول بھٹو

قبل ازیں گزشتہ ماہ رمضان میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے عیدالفطر کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف احتجاج اور ملک کے مسائل پر مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے اے پی سی کا اعلان کیا تھا۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یہ اعلان بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی میزبانی میں افطار ڈنر کے بعد کیا گیا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے وفود نے شرکت کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں