قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ قطر، پاکستان میں ڈیپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری کی صورت میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

اس حوالے سے جاری بیان میں قطری خبر ایجنسی نے کہا کہ وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی شراکت داری 9 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، کھیل اور ثقافتی سطح پر مزید ترقی کے عزم کی یقین دہانی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: امیر قطر دورہ پاکستان کے بعد واپس وطن روانہ

وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید ترقی کی یقین دہانی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا 2 روزہ دورہ پاکستان مکمل ہونے کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ملاقات کی تھی اور دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔

دو روز قبل امیر قطر کی پاکستان آمد کے بعد تجارت، سرمایہ کاری اور فنانشل انٹیلی جنس اور سیاحت سے متعلق 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان،قطر کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر اعظم عمران خان بھی وزیر اعظم ہاﺅس میں منعقدہ اس تقریب میں موجود تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد اور خفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر فنانشل انفارمیشن یونٹ قطر کے سربراہ شیخ احمد بن عید الطہانی اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فنانشل مانیٹرنگ یونٹ منیر احمد نے دستخط کیے۔

گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور امیر شیخ تمیم کے درمیان افغانستان سمیت مختلف معاملات پر طویل مذاکرات ہوئے تھے۔

اس موقع پر عارف علوی نے افغانستان میں امن کی کوششوں کے فروغ میں قطر کے کردار کو سراہا، جو خطے کے امن میں قابل ذکر تعاون تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Pindi WALA Jun 24, 2019 08:50pm
yeh sarmaya kariy kahan hogi? paisa kis project per kharach hoga? kiya yeh mujhey paa chal sakey ga?ya phir yeh paisa Imran kahn key namaloom projects per kahrch hoga ? aor kisi ko kuch pata nahiyn chaley ga?