پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے جھوٹ کی فہرست کافی طویل ہوگئی ہے اور انہوں نے خود میثاق معیشت کو گالی اور طعنہ بنا دیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کے لیے جیلیں نئی بات نہیں ہوتی ہیں، تقریباً ہر اہم سیاسی رہنما جیل میں ہیں، تاہم پھر بھی میں ان کم عقلوں، نالائقوں کو کہتا ہوں کہ کچھ کرکے دکھالو، انہوں نے ہر ایک کو جیل میں ڈالنے کا شوق بھی پورا ہوگیا لیکن کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نالائقوں کی حکومت ہے، یہ کھیل تماشا زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست کافی طویل ہوگئی ہے اور اب آپ کے جھوٹوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا قوم مہنگائی کی ستائی ہوئی ہے، گھروں میں بچے بھونکے ہیں، ماؤں کے لیے دوائیاں نہیں ہیں، یہ قوم جب آپ کا گریبان پکڑے گی تو آپ کو پاکستان میں اپنی شکل چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہوش کہ ناخن لینے چاہیے، مجھے خوف آتا ہے کہ یہ قوم آپ کو این آر او نہیں دے گی بلکہ ایک ایک جھوٹ کا حساب لے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ برطانیہ میں اپنے ہم منصب کے ساتھ کھڑے تھے جب لوگوں کی واپسی سے متعلق بات کی تو انہوں نے واضح کہا کہ سیاسی انتقام کے لیے کوئی تعاون نہیں کریں گے، برطانیہ جیسے ملک نے بھی آپ پر یقین نہیں کیا کیونکہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے اور یہ عمران خان کا بغض اور حسد ہے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی پر اعتبار منفی ہوگیا ہے،جھوٹ کا بھی ایک وقت ہوتا ہے آپ نے جھوٹ بول کر سبزباغ دکھائے لیکن اب لوگوں کا پیٹ بھوکا ہے اس کا حساب کون دے گا۔

اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے بلی کو تھیلے سے باہر نکال دیا اور کہا کہ احتساب ہم کر رہے ہیں نیب نہیں، اب تو کوئی بات باقی نہیں رہی۔

دوران گفتگو انہوں نے دعویٰ کیا کہ آنے والے ہفتے، مہینے مہنگائی کی خبر لے کر آئیں گے، مزید منی بجٹ اس قوم کی زندگی اجیرن بنائیں گے اور سب سے بڑی بات کہ بحیثیت قوم ہماری کوئی سمت نہیں ہے۔

حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوائے علیمہ خان کی پراپرٹیز کے کسی سیاست دان کی کرپشن اس 10 ماہ میں سامنے نہیں لائے کیونکہ آپ جھوٹے ہیں، آپ کا نعرہ، پی ٹی آئی کا فلسفہ ہی جھوٹ پر تھا۔

بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت قوم پر قیامت بن کر گزرنے والا ہے، ہمارے دشمن باہر بیٹھ کر معیشت کی تباہی کا تماشا دیکھ رہے ہیں، انہیں اس حکومت کے خلاف سازش کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے ایوان کے فلور پر پہلے دن ہی میثاق معیشت کی بات کی تھی لیکن دوسری طرف سے چور اور ڈاکو کے نعرے لگائے گئے، پیپلزپارٹی نے بھی گزشتہ روز میثاق معیشت کی بات کی تاہم پھر ایسے نعرے لگائے گئے۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کی کہ ان لوگوں نے خود میثاق معیشت کو گالی اور طعنہ بنا دیا ہے لیکن ابھی انہیں ہوش کے ناخن نہیں آئے، شریف خاندان نے 10 برس ایک آمر کا سامنا کیا اور یہ عمران نیازی بھی ایک آمر بننا چاہتے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو بانٹے یا دراڑ ڈالنے کی جو ناکام خواہش ہے وہ کبھی پوری نہیں ہوگی، مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور شہباز شریف کا نام ہے اور یہ اتفاق ہمیشہ قائم دائم رہے گا۔

قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے ساتھ ’سلیکٹڈ‘ کا لفظ کہنے پر پر پابندی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی پابندیاں کبھی دیرپا نہیں ہوئیں، اگر آپ سلیکٹڈ ہیں تو ہیں، یہ چھاپ آپ پر لگ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کرے گا کہ مسلم لیگ (ن) نے احتساب کا سامنا کیا اور سرخرو ہوئی اور اب بھی عمران خان کے سامنے ڈٹے گی اور ان کے جھوٹوں کو بے نقاب کرے گی جبکہ عوام ’جھوٹے خان‘ کا احتساب کرے گی۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کا رہنا یا خاتمہ ایک ثانوی بات ہوگئی ہے، معیشت کی وجہ سے ملک کی بنیادیں ہل گئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ملک کو بچانا ہے کیونکہ ملک وہاں پہنچ گیا ہے جہاں سے واپسی نہیں، ملک کی معیشت بستر مرگ پر ہے جبکہ ہم ایوانوں میں تماشہ دیکھ رہے ہیں، تاہم اب عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے عمران نیازی اور ان کے وزیر تیار ہوجائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں