یکم جولائی سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے خودکار نظام فعال ہوگا، ایف بی آر

24 جون 2019
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کے خودکار نظام کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں—فائل/فوٹو:اے پی پی
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کے خودکار نظام کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں—فائل/فوٹو:اے پی پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے لیے خود کار نظام فعال ہوگا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 5 کی ذیلی شقیں 2 سے 8 تک کے تحت موجودہ نظام کو تبدیل کرنے کے لیے یہ طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:آن لائن ٹیکسی سروسز پر 13 نہیں، 5 فیصد ٹیکس نافذ کیا گیا، سندھ حکومت

طریقہ کار کے مطابق کوئی بھی درخواست گزار اپنے قومی ٹیکس نمبر (این ٹی این) یا انکم ٹیکس رجسٹریشن کے ساتھ آن لائن نظام کو لاگ ان کرسکے گا اور درج ذیل معلومات کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے لیے دستاویزات بھی اپ لوڈ کرسکے گا:-

• بینک کی جانب سے کاروبار کے نام سے جاری کیا گیا بینک اکاؤنٹ سرٹیفیکیٹ

• گیس اور بجلی سپلائر کے ساتھ رجسٹریشن/صارف نمبر

• مختلف مقامات پر کئی شاخوں کی صورت میں تمام شاخوں کی تفصیلات

• کاروبار کے مقام کی جی پی ایس کے ساتھ منسلک تصاویر

• مینوفیکچرر ہونے کی صورت میں مشینوں اور صنعتوں میں لگائے گئے بجلی یا میٹر کی جی پی ایس چسپاں شدہ تصاویر

یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے آن لائن ٹیکس پروفائل نظام متعارف کروادیا

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا معلومات درج کرنے کے بعد یہ نظام درخواست گزار کو سیلز ٹیکس کے لیے رجسٹر کرے گا۔

رجسٹریشن کے بعد درخواست گزار یا مجاز شخص کو ایک ماہ کے اندر بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ای سہولت سینٹر جانا پڑے گا۔

درخواست گزار اگر نادرا نہ جاسکے یا بائیو میٹرک تصدیق کروانے میں ناکام ہوئے تو ان کا نام سیلز ٹیکس کے لیے متحرک ٹیکس گزار کی فہرست میں شامل کرلیا جائے گا۔

ایف بی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایف بی آر کو مینوفیکچرر سے تصدیق کے بعد فیلڈ افسران یا ایف بی آر کی جانب سے مجازکسی تیسری پارٹی کے ذریعے بھی تصدیق کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹیکس دائرہ کار میں زیرو ریٹنگ کی بحالی ممکن نہیں، وزیراعظم عمران خان

مینوفیکچرر کی سیلزٹیکس رجسٹریشن طریقہ کار کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ افسران کو رجسٹریشن کے بعد چھان بین کے دوران پتہ چلتا ہے کہ فراہم کی گئیں دستاویزات اصلی نہیں ہیں یا جعلی یا غلط ہیں تو وہ نظام کے ذریعے 15 روز میں مطلوبہ دستاویزات فراہ کرنے کی درخواست کرسکتا ہے۔

اگر مینوفیکچرر 15 روز میں دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو رجسٹرڈ شخص کو سیلز ٹیکس کی فعال ٹیکس کنندگان کی فہرست سے خارج کردیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں