بولی وڈ اداکارہ آرتی چھابڑیا نے خاموشی سے شادی کرلی

آرتی چھابڑیا نے 2001 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ٹوئٹر
آرتی چھابڑیا نے 2001 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ٹوئٹر

’تم سے اچھا کون ہے، شادی نمبر ون، پارٹنر، انامیکا اور ہے بے بی‘ سمیت متعدد بولی وڈ فلموں میں جلوے دکھانے والی اداکارہ 36 سالہ آرتی چھابڑیا نے خاموشی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔

آرتی چھابڑیا نے کچھ عرصہ قبل اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے جیون ساتھی کا انتخاب کرلیا ہے، تاہم گھر والوں کی جانب سے اجازت لینا ابھی باقی ہے۔

آرتی چھابڑیا نے اگرچہ ساتھی کو منتخب کرنے اور محبت کا اعتراف کیا تھا، تاہم انہوں نے مداحوں کو اپنی شادی کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا تھا۔

آرتی چھابڑیا گذشتہ چند سال سے بولی وڈ سے دور ہیں اور ان کی آخری ہندی فلم ’دس تولا‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ ان کی آخری پنجابی فلم ’ویاہ 70 کلو میٹر‘ 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔

اداکارہ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام

ان فلموں کے بعد آرتی چھابڑیا تاحال فلموں میں مرکزی کرداروں میں نظر نہیں آئیں، تاہم وہ ٹی وی پر نظر آتی رہتی ہیں۔

آرتی چھابڑیا نے 2001 میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’لجا‘ سے کیا تھا، تاہم انہیں مقبولیت ’تم سے اچھا کون ہے‘ سے ملی تھی۔

آرتی چھابڑیا نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن میں بھی کامیابی حاصل کی تھی اور وہ 2000 میں ’مس انڈیا ورلڈ وائڈ‘ منتخب ہوئی تھیں۔

شادی کی تقریبات سادگی سے منعقد کی گئیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
شادی کی تقریبات سادگی سے منعقد کی گئیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

تاہم وہ مقابلہ حسن کے عالمی مقابلے کے نامزد نہ ہوسکی تھیں اور بعد ازاں انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے اشتہارات میں کام کرنے سمیت میوزک ویڈیوز میں جوہر دکھائے اور بعد ازاں انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔

آرتی چھابڑیا نے شادی سے کئی ماہ قبل ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے نئی زندگی شروع کرنے کے لیے ساتھی کا انتخاب کرلیا ہے، تاہم انہوں نے شادی کرنے کے حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا تھا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق آرتی چھابڑیا نے خاموشی سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔

آرتی چھابڑیا کا شمار بھارت کی معروف ماڈلز میں کیا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
آرتی چھابڑیا کا شمار بھارت کی معروف ماڈلز میں کیا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق آرتی چھابڑیا نے بھارتی نژاد موریشس کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ وشارد بدیسے سے بھارتی روایات کے مطابق شادی کی۔

اداکارہ کی شادی میں ان کی قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی اور شادی کی تقریبات انتہائی سادگی میں منعقد کی گئیں۔

دوسری جانب اداکارہ نے بھی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں دیکھنے کے بعد مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

آرتی چھابڑیا نے 2000 میں مقابلہ حسن میں بھی کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
آرتی چھابڑیا نے 2000 میں مقابلہ حسن میں بھی کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں