محسن عباس حیدر اپنے نئے گانے ریلیز کرنے کو تیار

محسن عباس حیدر ایک بہترین اداکار ہی نہیں نہایت بہترین گلوکار بھی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
محسن عباس حیدر ایک بہترین اداکار ہی نہیں نہایت بہترین گلوکار بھی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

میوزک کی بات کی جائے تو پاکستانی میوزیکل انڈسٹری کسی سے کم نہیں اور مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ جلد کچھ نئے گانے اپنی پلے لسٹ کا حصہ بناسکیں گے۔

محسن عباس حیدر بہت جلد اپنے نئے گانے ریلیز کرنے جارہے ہیں۔

محسن عباس حیدر صرف ایک بہترین گلوکار ہی نہیں، بلکہ اداکار، لکھاری اور میزبان بھی ہیں۔

حال ہی میں ڈان سے بات کرتے ہوئے محسن عباس حیدر نے انکشاف کیا کہ وہ چند نئے گانوں پر کام کررہے ہیں جنہیں وہ جلد ریلیز کریں گے۔

مزید پڑھیں: محسن عباس حیدر کے ہاں 'حیدر عباس محسن' کی آمد

گلوکار کا کہنا تھا کہ 'میوزک پر کام جاری ہے، لیکن اس میں وقت لگ رہا ہے، کیوں کہ سب مجھے ملٹی ٹاسکر کہتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ میں کئی کاموں میں ماہر ہوں، اس لیے میں کئی اور پروجیکٹس سے جڑا ہوا ہوں'۔

اپنے آنے والے نئے گانوں کے حوالے سے محسن عباس کا کہنا تھا کہ 'میں اس وقت ایک پنجابی رومانوی صوفی گانے پر کام کررہا ہوں، اس کے علاوہ ایک نہایت شاندار اردو گانا بھی ہے جو یقیناً ہر شادی میں بجایا جائے گا'۔

ماضی میں محسن عباس فلمز 'نامعلوم افراد' اور 'لوڈ ویڈنگ' کے لیے گانوں کی گلوکاری کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے یہ گانے کمپوز بھی کیے۔

اس حوالے سے محسن کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے گانے خود لکھتا اور کمپوز کرتا ہوں، بے پرواہ میرا پہلا گانا تھا، اسے میرے انکل ریاض انجم صاحب نے تحریر اور کمپوز کیا، اس کے بعد سے اب تک جتنے بھی میرے گانے فلموں کا حصہ بنے، میں نے خود لکھے اور کمپوز کیے'۔

یہ بھی پڑھیں: محسن عباس حیدر بھی ’بادشاہ بیگم‘ کا حصہ

یاد رہے کہ محسن عباس حیدر کوک اسٹوڈیو کا بھی حصہ بن چکے ہیں جہاں انہوں نے 'اڈی جا' گانے پر پرفارم کیا۔

گلوکار نے مزید کہا کہ 'ہر کوئی اس وقت اپنے خود کے گانے بنا رہا ہے، کسی کو پرواہ نہیں کہ کون سی البم ریلیز ہورہی ہیں، اب ہر کوئی البم کی جگہ اپنے گانے ریلیز کررہا ہے، اس کی ویڈیوز بناتے ہیں اور فیس بک اور دوسرے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ریلیز کردیتے ہیں، امید ہے اس سے نئے آرٹس بہت کچھ سیکھ سکیں گے'۔

محسن نے نامعلوم افراد کے لیے بھی گانے کمپوز کیے —فوٹو/اسکرین شاٹ
محسن نے نامعلوم افراد کے لیے بھی گانے کمپوز کیے —فوٹو/اسکرین شاٹ

محسن عباس حیدر نے یہ تو نہیں بتایا کہ وہ اپنے گانے کب ریلیز کررہے ہیں تاہم گلوکار کے مطابق یہ سب کو یقیناً محظوظ کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں