’راحت فتح نے میرا لکھا گانا گایا، لیکن کریڈٹ نہیں دیا‘

اپ ڈیٹ 26 جون 2019
سعدیہ امام نے یہ دعوے وسیم بادامی کے شو پر کیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
سعدیہ امام نے یہ دعوے وسیم بادامی کے شو پر کیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی فنکارہ سعدیہ امام ایک بہترین اداکارہ ہیں یہ تو سب ہی جانتے ہیں لیکن شاید ہی کوئی یہ جانتا ہوگا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ ساتھ ایک بہترین شاعرہ بھی ہیں۔

ایک ایسی شاعرہ جو صرف اپنی ڈائری میں شعر نہیں لکھتی بلکہ چند ایسے گانوں کو بھی تحریر کرچکی ہیں جو آج مشہور زمانہ گانوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

سعدیہ امام حال ہی میں ایک شو پر جلوہ گر ہوئیں، جس کی میزبانی وسیم بادامی کررہے تھے۔

اس دوران سعدیہ امام نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چند ایسے گانوں کو تحریر کیا جس کی گلوکاری راحت فتح علی خان نے کی لیکن ان گانوں کا انہیں کریڈٹ نہیں دیا گیا۔

شو میں ایک موقع پر وسیم بادامی نے سعدیہ امام سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہوں نے اداکاری کے ساتھ گانے بھی تحریر کیے تو اس پر گلوکارہ نے دعویٰ کیا کہ مشہور زمانہ گانا 'جیا دھڑک دھڑک' انہوں نے ہی تحریر کیا جس کی گلوکاری کامیاب پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے کی۔

وسیم بادامی نہایت حیران ہوئے اور انہوں نے سوال کیا کہ اس گانے کو لکھنے میں انہیں کریڈٹ کیوں نہیں دیا گیا؟

اس پر سعدیہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ 'شاید مجھے پیسے ملنے لگتے اس لیے مجھے راحت نے کریڈٹ نہیں دیا'۔

سعدیہ امام نے مزید بتایا کہ انہیں راحت سے کوئی شکوہ نہیں کیوں کہ وہ ان کے بہت اچھے دوست ہیں، اور وہ کافی پہلے یہ گانے انہیں دے چکی ہیں اور جب انہوں نے یہ گانا تحریر کیا تھا تب وہ خود بھی نہیں جانتی تھی کہ مکمل ہوکر یہ اتنا خوبصورت بن کر سامنے آئے گا۔

سعدیہ امام کے مطابق وہ 'جیا دھڑک دھڑک' کے علاوہ ایک اور کامیاب گانے 'زندگی سفر میں ہے کٹ رہا ہے راستہ' کو تحریر کرچکی ہیں جس کی گلوکاری بھی راحت فتح علی خان نے کی ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ راحت نے شاید اس لیے ایسا کیا کیوں کہ وہ بھارت میں یہ نہیں دکھانا چاہتے تھے کہ یہ گانے کسی پاکستانی نے تحریر کیے۔

یاد رہے کہ جن گانوں کو تحریر کرنے کا دعویٰ سعدیہ امام کررہی ہیں وہ بولی وڈ فلموں میں شامل کیے گئے، جو آج دنیا بھر کے کامیاب گانوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

حیرانی کی بات یہ ہے کہ یوٹیوب پر شیئر کردہ ان گانوں میں لکھاریوں کا کریڈٹ کسی دوسرے شاعروں کو دیا گیا۔

جیا دھڑک دھڑک گانے کا کریڈٹ سعدیہ امام کی جگہ سعید قادری کو دیا گیا، جبکہ زندگی سفر میں ہے گانے کا کریڈٹ سچن گپتا کو دیا گیا۔

جب شو کے میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہیں لگتا ہے ان کے ساتھ سیاست کی گئی، تو اس پر سعدیہ کا کہنا تھا کہ 'مجھے نہیں لگتا میرے ساتھ سیاست کی گئی، میں نے ایک چیز دے دی تھی، یہ راحت کا اخلاق ہوتا، اگر وہ میرا نام لیتا تو میرے کریڈٹ پر بڑا کام رہتا، اسے لگا پیسے کمالینا زیادہ اچھا ہے، لیکن میں اسے اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتی، انہیں پہلا موقع مل رہا تھا، تو اس نے دوسرے لوگوں کی سنی'۔

واضح رہے کہ راحت فتح علی خان 'جیا دھڑک دھڑک' گانے کے لیے 2006 میں نامور بھارتی ایوارڈ شو آئیفا کے لیے نامزد بھی کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں