سیف علی بھارت چھوڑ کر پاکستان پہنچنے والی’عظمیٰ‘ پر فلم کا حصہ؟

ڈاکٹر عظمیٰ کا تعلق نئی دہلی سے تھا—فوٹو: رائٹرز
ڈاکٹر عظمیٰ کا تعلق نئی دہلی سے تھا—فوٹو: رائٹرز

محبت کی خاطر 2 سال قبل مئی 2017 میں بھارت چھوڑ کر پاکستان پہنچنے والی نئی دہلی کی لڑکی ڈاکٹر عظمیٰ کی پریم کہانی پر فلم بنائے جانے کی اطلاعات گزشتہ برس سے جاری ہیں۔

اور اب رپورٹس سامنے آئیں ہیں کہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے پاکستانی پریمی طاہر علی کی رومانوی کہانی پر بننے والی فلم میں سیف علی خان کو شامل کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ ئی دہلی کی رہائشی بھارتی شہری ڈاکٹر عظمٰی نے پاکستان آکر پاکستانی شہری طاہر سے پسند کی شادی کرلی تھی۔

عظمیٰ اور طاہر کی محبت ملائیشیا میں پروان چڑھی جس کے بعد عظمیٰ نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا اور وہ یکم مئی کو براستہ واہگہ پاکستان پہنچیں۔

بعد ازاں نکاح کے بعد اچانک ڈاکٹر عظمیٰ غائب ہوگئیں، جس کے بعد ان کے شوہر نے اسلام آباد کے پولیس تھانے میں انہیں تلاش کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی۔

پھر اچانک یہ خبر سامنے آئی کہ عظمیٰ نے اسلام آباد میں قائم بھارتی ہائی کمیشن میں پناہ لے کر اپنے شوہر پر الزام عائد کردیا کہ انہوں نے انہیں اغوا کیا، عظمیٰ کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں نے بھی اٹھایا اور پھر ڈاکٹر عظمیٰ کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر عظمیٰ کی طاہر سے پہلی ملاقات ملائیشیا میں ہوئی تھی—فوٹو: فیس بک
ڈاکٹر عظمیٰ کی طاہر سے پہلی ملاقات ملائیشیا میں ہوئی تھی—فوٹو: فیس بک

ڈاکٹر عظمیٰ نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں 506 ضابطہ فوجداری کے تحت درخواست دائرتے ہوئے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اسے زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ ان کی شادی ’گن پوائنٹ‘ پر کرائی گئی جبکہ انہیں ’ہراساں‘ بھی کیا گیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے بعد بعد ازاں یہ کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چلا، جس کے بعد عدالت نے انہیں ہندوستان جانے کی اجازت دی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ڈاکٹر عظمیٰ مئی 2017 میں بھارت چلی گئی تھیں۔

ڈاکٹر عظمیٰ کے بھارت جانے کے بعد گزشتہ برس مارچ میں یہ خبر سامنے آئی کہ ان کی پریم کہانی پر بولی وڈ فلم بنائی جائے گی اور ممکنہ طور پر الیانا ڈی کروز ان کا کردار ادا کریں گی۔

طاہر علی اور ڈاکٹر عظمیٰ نے شادی بھی کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز/ ڈان نیوز
طاہر علی اور ڈاکٹر عظمیٰ نے شادی بھی کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز/ ڈان نیوز

تاہم ایک سال تک اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی، لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ کی پریم کہانی پر بنائی جانے والی فلم میں سیف علی خان کو بھی شامل کرلیا گیا۔

ممبئی مرر کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ اور طاہر علی کے رومانس پر سمیر ڈکشٹ، جتیش ورما اور گرش جوہر مشترکہ طور پر فلم بنائیں گے اور اس حوالے سے کام کا آغاز کردیا گیا۔

سیف علی خان بھارتی سفیر کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
سیف علی خان بھارتی سفیر کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

رپورٹ کے مطابق فلم کی ہدایات شوم نیر دیں گے جو اس سے پہلے تپسی پنو اور اکشے کمار کی فلم ’نام شبانہ‘ جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں جب کہ فلم کی کہانی رتیش شاہ لکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی لڑکے سے شادی کیلئے ہندوستان چھوڑنے والی عظمیٰ پرفلم؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کی ٹیم نے سیف علی خان کو کاسٹ کرنے کا پروگرام بنالیا ہے اور چھوٹے خان فلم میں ڈاکٹر عظمیٰ کے پریمی نہیں بلکہ اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہائی کمنشر جے پی سنگھ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جے پی سنگھ کی کوششوں کی وجہ سے ہی ڈاکٹر عظمیٰ واپس بھارت پہنچیں تھیں اور وہ اس کہانی کے مرکزی کردار تھے۔

اب جے پی سنگھ کا کردار سیف علی خان نبھاتے نظر آئیں گے۔

ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابھی تک فلم کی ٹیم نے مرکزی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، تاہم فلم کی ٹیم چاہتی ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ کے کردار کے لیے کوئی بڑی اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں فلم کی ٹیم کاسٹ کا حتمی اعلان کرے گی، جس کے بعد آئندہ برس کے آغاز تک فلم کی شوٹنگ شروع کی جائے گی اور ممکنہ طور پر فلم کو 2020 کے وسط تک ریلیز کردیا جائے گا۔

رپورٹس تھیں کہ عظمیٰ پہلے سے شادی شدہ اور بچے کی ماں تھیں—فوٹو: اے پی
رپورٹس تھیں کہ عظمیٰ پہلے سے شادی شدہ اور بچے کی ماں تھیں—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں