سعودی اتحاد کا حوثی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 27 جون 2019
عالمی انسانی قوانین کے مطابق حوثی باغیوں کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے  گا، کرنل ترکی المالکی — فائل فوٹو / اے ایف پی
عالمی انسانی قوانین کے مطابق حوثی باغیوں کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا، کرنل ترکی المالکی — فائل فوٹو / اے ایف پی

سعودی اتحاد نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ شب ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے خمیس مشیط کی رہائشی آبادی کے علاقے میں ڈرون حملہ کیا۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں نے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم ان کے حملے کو ناکام بنایا گیا۔

کرنل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ ’ہم ان دہشت گرد افواج کے خلاف جوابی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عالمی انسانی قوانین کے مطابق حوثی باغیوں کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا‘۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا حملہ، ایک شہری جاں بحق

دو روز قبل سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں ابھا ایئرپورٹ میں یمن کے حوثی باغیوں کے ایک حملے میں شامی باشندہ جاں بحق اور دیگر 21 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 جون کو بھی حوثی باغیوں کی جانب سے ابھا ایئرپورٹ پر حملہ کیا گیا تھا جہاں 26 شہری زخمی ہوئے تھے جس کے بعد سعودی اتحادیوں نے ان کارروائیوں کے خلاف انتہائی اقدام کا اعلان کیا تھا۔

سعودی اتحادیوں کا کہنا تھا کہ یمنی باغیوں نے ابھا ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا اور احاطے میں قائم مکڈونلڈ کی عمارت کو نقصان پہنچا اور 18 گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 26 افراد زخمی

حوثی باغیوں نے سعودی ایئرپورٹ پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا ماحول پایا جاتا ہے جہاں ایران نے امریکی ڈرون کو گرایا تھا جس کے بعد میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ امریکی نے ایران پر سائبر حملے کیے ہیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا کی جانب سے گزشتہ روز ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کی عدم استحکام کی سرگرمیوں سے خطے کی صورت حال میں کشیدگی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

سعودی عرب مسلسل ایران پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کررہا ہے لیکن ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے، پاکستان کا اظہار تشویش

یمن میں 2015 میں حوثی باغیوں کی جانب سے صدر عبدالرب منصور ہادی کے خلاف بغاوت کے بعد سعودی اتحادیوں نے مداخلت کی تھی اور سرحد کو بھی بند کردیا تھا۔

بعد ازاں اتحادیوں نے یمن پر بدترین فضائی حملے بھی کیے تھے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی بحران پیدا ہونے سے بھی خبردار کردیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں