قبائلی اضلاع کے زیرحراست انتخابی امیدوار 24 گھنٹے میں رہا کرنے کا حکم

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر سردار رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر سردار رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جنوبی وزیرستان کے قبائلی اضلاع سے زیر حراست 2 انتخابی امیدوار کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے جنوبی وزیرستان-ون (پی کے 113) کے آزاد امیدوار محمد عارف اور جنوبی وزیرستان-ٹو (پی کے 114) کے آزاد امیدوار محمد اقبال کو بلترتیب 19 اور 24 جون کو مبینہ پبلک آرڈر آرڈینس کی شق 3 کے تحت گرفتار کرکے ایک مہینے کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قبائلی اضلاع کی نشستوں پر انتخابی شیڈول کا اعلان

جس پر ای سی پی نے سیکریٹری خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان کو ذاتی حیثیت میں آج طلب کیا تھا تاہم وہ مصروفیات کے باعث حاضر نہیں ہوسکے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدوار عارف وزیر اور محمد اقبال کو 24 گھنٹوں کے اندر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر سردار رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی امیدوار کے خلاف صرف ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ہی کارروائی کرسکتا ہے۔

مزیدپڑھیں: قبائلی اضلاع اور انتخابات

کمیشن نے واضح کیا کہ متعلقہ ادارے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ایف آئی آر پر عملدرآمد کروائیں۔

ای سی پی کی جانب سے کہا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی گرفتاری قبل از انتخابات دھاندلی کے زمرے میں آتی ہے۔

قبائلی اضلاع میں انتخابات

گزشتہ برس 2018 میں پارلیمنٹ سے قانون سازی کے ذریعے قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کردیا گیا تھا تاہم وقت کی کمی کے باعث صوبائی اسمبلی کے انتخابات کو بعد میں کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے 6 مئی 2019 کو قبائلی اضلاع کے 16 حلقوں میں 2 جولائی 2019 کو پولنگ کا اعلان کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا تھا۔

مزیدپڑھیں: ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں اضافہ

قبائلی علاقوں کے جن اضلاع میں انتخابات ہوں گے ان میں پی کے 100 باجوڑ ون، پی کے 101 باجوڑ 2 اور پی کے 102 باجوڑ 3 شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی کے 103 مہمند ون اور پی کے 104 مہمند 2 میں بھی پولنگ ہوگی اسی طرح پی کے 105 خیبر 1، پی کے 106 خیبر 2 اور پی کے 107 خیبر 3 میں بھی انتخابات ہوں گے۔

قبائلی اضلاع کے حلقہ پی کے 108 کرم 1 اور پی کے 109 کرم 2 جبکہ پی کے 11 اورکزئی میں بھی پولنگ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: قبائلی علاقوں میں تحصیل اور اضلاع متعارف

الیکشن کمیشن کی جانب سے جن حلقوں میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے، اس میں پی کے 111 شمالی وزیرستان وین اور پی کے 112 شمالی وزیرستان 2، پی کے 113 جنوبی وزیرستان1 اور پی کے 114 جنوبی وزیرستان 2 بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پی کے 115 سابق فرنٹیئر ریجن میں بھی پولنگ ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں