آج پارلیمنٹ کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی، بلاول بھٹو

اپ ڈیٹ 29 جون 2019
قومی اسمبلی میں آج زبردستی بجٹ منظور کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری — فائل فوٹو / ڈان نیوز
قومی اسمبلی میں آج زبردستی بجٹ منظور کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری — فائل فوٹو / ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں آج زبردستی بجٹ منظور کیا گیا اور پارلیمنٹ کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔

قومی اسمبلی میں بجٹ منظوری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'بجٹ کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کے عمل کی مذمت کرتا ہوں، ضیا الحق اور مشرف کا اسپیکر بھی اس سے بہتر تھا، جبکہ اسد قیصر ایسے ایوان چلاتے ہیں جیسے حکومتی بینچز کے ملازم ہوں۔'

انہوں نے کہا کہ 'سلیکٹڈ اور جھوٹے اسپیکر نے دو ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے، جبکہ بجٹ کے ذریعے سندھ اور تھرکول پر حملہ کیا گیا ہے۔'

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'عوام دشمن حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا الٹا عوام سے نوکریاں چھینی جا رہی تھیں، مجھے خوف ہے کہ ہمارا سسٹم ایسے نہیں چل سکتا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'آج پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ دن ہے، ہم بول نہیں پاتے اور ارکان کو قید میں رکھا جاتا ہے، یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم وزیر اعظم کو سلیکٹڈ نہیں کہہ سکتے، جبکہ لاپتہ افراد کے نام پر اتحادی جماعتوں کو بلیک میل کیا جائے گا تو ہم کیا کریں گے۔

انہوں نے عوام سے حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم کب تک یہ ظلم برداشت کریں گے؟ میں اس ظلم کے خلاف نکل رہا ہوں اور ہفتہ کو گوجر خان کے جلسے میں پنجاب کے عوام کو بتاؤں گا کہ کس طرح حکومت نے ان کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے اور عوام کی زندگی عذاب بنائی جارہی ہے۔'

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے چند تکنیکی ترامیم کے ساتھ آئندہ مالی سال 20-2019 کے بجٹ کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

ایوان میں گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کی بجٹ میں کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد ہونے کے بعد آج ایوان میں فنانس بل 2019 کی حکومتی اراکین کی جانب سے تجویز کردہ چند ترامیم کے ساتھ منظوری دی گئی۔

بجٹ کی منظوری کے لیے ایوان میں شق وار ووٹنگ ہوئی، فنانس بل کی حمایت میں 178 اور مخالفت میں 147 ووٹ پڑے، بل پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعد یہ باضابطہ طور پر قانون بن جائے گا۔

اس سے قبل اپوزیشن اراکین نے اپنا ایک مرتبہ پھر بجٹ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا اور اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں