عالمی بینک کی کراچی کیلئے 3 منصوبوں کی فنڈنگ منظور

اپ ڈیٹ 29 جون 2019
کراچی موبیلیٹی پروجیکٹ کے لیے 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر منظور کیے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی موبیلیٹی پروجیکٹ کے لیے 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر منظور کیے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: عالمی بینک نے کراچی کے لیے 3 منصوبوں کی منظوری دے دی جو شہری انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے، منتخب کوریڈورز کے ساتھ نقل و حرکت، رسائی، حفاظت اور صاف پانی کی خدمات تک رسائی میں مدد دیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبے ’کراچی ٹرانسفورمیٹو اسٹریٹجی‘ کے نتائج پر تعمیرات سے متعلق اندازہ لگایا گیا ہے کہ شہری ٹرانسپورٹ میں انفرااسٹرکچر اور سروسز کی ضروریات، پانی کی فراہمی، حفظان صحت اور میونسپل سولڈ ویسٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 10 سال سے زائد کے عرصے میں 9 سے 10 ارب ڈالر کے درمیان رقم کی ضرورت ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کا معاہدہ

اس حوالے سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان الینگوون پیچوموتو نے منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ’اداروں، سروسز اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری ملک کی معیشت اور عوام کی خوشحالی کے لیے شہر کی شراکت داری کو مزید بڑھائے گی‘۔

بینک کی جانب سے’کراچی موبیلیٹی پروجیکٹ’ کے لیے 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر منظور کیے گئے جو 21 کلومیٹر کے’یلو کوریڈور’ کے ساتھ’بس ریپڈ ٹرانزٹ’ کے ذریعے کام تک رسائی، نقل و حرکت میں بہتری لائے گا۔

یہ کوریڈور کراچی کے مشرق میں داؤد چورنگی سے شروع ہوگا اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے ہوتے ہوئے نمائش پر سٹی سینٹر پر ختم ہوگا، یہ منصوبہ شہر کے ٹرانسپورٹ پلان میں 5 اہم لائنز میں سے ایک ہے اور اس سے سرجانی ٹاؤن اور کورنگی انڈسٹریل ایئریا کے مسافروں کو فائدہ ہوگا، سفر کا وقت، ٹریفک حادثات میں کمی ہوگی۔

اس منصوبے کا اہم مقصد خواتین کے نقل و حرکت کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے، کیونکہ کراچی میں معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شراکت داری خاص طور پر کم ہے اور یہ صرف 8 فیصد ہے جس کی وجہ سستی اور محفوظ ٹرانسپورٹ کی کمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی نمو کی بحالی کیلئے پاکستان اقدامات کررہا ہے، عالمی بینک

اس منصوبے کے تکمیل 6 سال میں متوقع ہے جبکہ اس پر کام کا آغاز رواں سال جولائی سے ہوگا۔

علاوہ ازیں شہری انتظام، خدمات کی فراہمی اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے کراچی منصوبہ عالمی بینک سے 23 کروڑ ڈالر کے فنڈز وصول کرے گا۔

یہ شہری پراپرٹی ٹیکس سسٹم، خدمات کی فراہمی میں نجی شعبے کا کردار کو سراہنے، کاروبار کو آسان بنانے اور سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کو بہتر کرنے کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر فنڈز کے ذریعے مقامی کونسلز کی کارکردگی اور خدمات کو بہتر کرنے میں مدد دے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں