پرینیتی اور سدھارتھ کی 'جبریا جوڑی'

02 جولائ 2019
فلم رواں سال 2 اگست کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم رواں سال 2 اگست کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار پرینیتی چوپڑا اور سدھارتھ ملہوترا کی جوڑی کو مداح بےحد پسند کرتے ہیں اور اب یہ دونوں اپنی نئی فلم 'جبریا جوڑی' کے ساتھ اسکرینز پر واپسی کرنے جارہے ہیں جس کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا۔

فلم 'جبریا جوڑی' کے ٹریلر کو دیکھ کر اس کی کہانی شادی کے موقع پر جہیز مانگنے کی عادت اور دلہوں کو اغوا کرکے ان کی زبردستی شادی کرانے پر مبنی نظر آرہی ہے۔

فلم میں سدھارتھ ملہوترا لڑکوں کی شادی کرانے کے لیے انہیں اغوا کرتے ہیں جبکہ پرینیتی سدھارتھ ملہوترا سے شادی کرنے کے لیے انہیں اغوا کرلیتی ہیں۔

اس فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ اس کی کہانی صرف رومانوی ہی نہیں بلکہ مزاحیہ بھی ہوگی۔

یاد رہے کہ سدھارتھ ملہوترا اور پرینیتی چوپڑا اس سے قبل ایک ساتھ فلم 'ہنسی تو پھنسی' میں کام کرچکے ہیں۔

یہ فلم 2014 میں ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔

فلم 'جبریا جوڑی' میں جاوید جعفری، اپرشکتی کھرانہ، سنجائے مشرا، شیبا چھڈا، نیرج سود، گوپال دت، چندن روئے اند رسلان ممتاز نے اہم کردار نبھائے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلم میں ایلی اورم ایک گانے پر رقص کرتی بھی نظر آئیں گی۔

پراشانت سنگھ کی ہدایات میں بننے والی فلم رواں سال 2 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں