لاہور ایئر پورٹ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2019
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول عمرہ کر کے واپس آیا تھا—فائل فوٹو : شٹر اسٹاک
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول عمرہ کر کے واپس آیا تھا—فائل فوٹو : شٹر اسٹاک

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی آمد کے لیے مختص لاؤنج میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سے ایئر پورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا اور گردو نواح کے علاقے کو بند کردیا تھا جس سے ایئر پورٹ جانے اور آنے والے مسافر پھنس کر رہ گئے۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ایئرپورٹ میں داخل ہوگئی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئر پورٹ پر دہشت گرد حملہ، 29 ہلاک

جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت زین اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں لکھو ڈیر کا رہائشی 30 سالہ زین موقع پر ہی جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

بعدازاں ٹیکسی ڈرائیور محمد اکرم بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دیگر 2 زخمی تاحال ہسپتال میں زیِر علاج ہیں۔

مقتول زین عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچا تھا جبکہ محمد اکرم ٹیکسی ڈرائیور تھا اور دونوں افراد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان اور مقتول کی دیرینہ دشمنی چل رہی تھی اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمے بھی کیے ہوئے تھے اس کے ساتھ گرفتار ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔

مزید پڑھیں: ملتان: دو گروہوں میں تصادم، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ذمہ داری ہے جسے چکما دے کر ملزمان ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں داخل ہوئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن کی شناخت ارشد اور شان کے نام سے ہوئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں