بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن رنگولی کا جھگڑا تقریباً آدھی بولی وڈ انڈسٹری سے ہوچکا ہے تاہم اب اس فہرست میں اداکارہ تاپسی پنو اور اداکار پروڈیوسر انوراگ کشیپ کا نام بھی جڑ چکا ہے۔

اس جھگڑے کا آغاز کنگنا رناوٹ کی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'ججمینٹل ہے کیا' کے ٹریلر ریلیز کے ساتھ ہوا۔

فلم کے ٹریلر کی سوشل میڈیا پر خوب تعریف ہوئی اور اداکارہ تاپسی پنو نے بھی ٹوئٹر پر ٹریلر کو خوب سراہا۔

تاہم ان سے غلطی صرف یہ ہوگئی کے ٹریلر کی تعریف کرتے ہوئے تاپسی سے فلم کی مرکزی اداکارہ کنگنا رناوٹ کا نام کہیں نہیں لکھا۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

اس کے فوری بعد کنگنا کی بہن رنگولی نے تاپسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹویٹس کرنا شروع کردی۔

رنگولی کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 'کچھ لوگ کنگنا کی نقل کرکے ہی اپنی دکان چلاتے ہیں، مگر دیہان رہے کہ وہ کبھی اس کے کام کو نہیں سراہاتے، بلکہ ٹریلر کی تعریف کرتے ہوئے اس کا نام تک نہیں لیتے، آخری بار مجھے یاد ہے تاپسی نے کنگنا کے لیے کوئی بیان جاری کیا تھا لیکن تاپسی آپ ایک سستی کاپی بننا بند کردیں'۔

رنگولی کی اس تنقید پر تاپسی نے تو کوئی جواب نہیں دیا، البتہ ہدایت کار انوراگ کشیپ ان کے سپورٹ میں سامنے آگئے جنہوں نے رنگولی کو آگاہ کیا کہ اب وہ حد سے آگے جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریتھک روشن کی بہن کنگنا رناوٹ کے سپورٹ میں سامنے آگئیں

انوراگ کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 'بس کردو رنگولی، اب یہ سب حد سے آگے بڑھ رہا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ کیا کہوں، میں دونوں اداکاراؤں آپ کی بہن کنگنا اور تاپسی کے ساتھ کام کرچکا ہوں اور مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ ٹریلر کی تعریف کرنے کا مطلب یہی ہے کہ اس میں موجود اداکاروں کو بھی سراہا گیا اور کنگنا بھی اس کا حصہ ہیں'۔

جس کے بعد رنگولی نے انوراگ کشیپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ٹویٹس کی برسات کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا کا دپیکا کی حمایت سے انکار

رنگولی کا کہنا تھا کہ 'بات کنگنا کا نام نہ لکھنے کی نہیں ہے سر، سب نے دیکھا کہ میں نے کتنے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کنگنا کا نام تک نہیں لکھا تھا، لیکن میں تھک چکی ہوں ان لوگوں سے جو کنگنا کا مذاق اڑاتے آرہے ہیں، تاپسی کون ہوتی ہے کنگنا کے خلاف بیان دینے والی؟'

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ 'اب میں یہاں سب کو آئینہ دکھاؤں گی، میں جانتی ہوں آپ تاپسی کے ساتھ کام کررہے ہیں لیکن برائے مہربانی اصل مسئلہ جانے بغیر اتنا بےتاب ہونے کی ضرورت نہیں، دور ہوجائیں'۔

رنگولی کے مطابق 'انوراگ آپ کنگنا کو گزشتہ رات کال کررہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ تاپسی کنگنا کی کتنی بڑی مداح ہے، مجھے ایک ایسا انٹرویو دکھا دیں جہاں تاپسی نے میڈیا کے سامنے کنگنا کے لیے کچھ کہا ہو، بلکہ وہ تو کنگنا کو انتہا پسند بلاتی ہیں، کنگنا رائے رکھتی ہیں تو انہیں انتہا پسند بلایا جائے گا؟'۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'تاپسی کنگنا کی مداح ہے اور ان کو کاپی بھی کرتی ہے، ہم سب ہی کرتے ہیں آخر کیوں نہ کریں، سب ہی کنگنا جیسا بننا چاہتے ہیں، لیکن پھر کنگنا پر تنقید کیوں؟ یہ سب شاڻاگری نکالنے کے لیے ہی تو میں ٹوئٹر پر آئی ہوں، بہت شکریہ مگر سب کی پول کھلے گی، کوئی نہیں روک سکتا'۔

تاہم کنگنا نے اپنی بہن کو سپورٹ کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا کہ جس طرح انوراگ تاپسی کا سپورٹ کررہے ہیں، اس ہی طرح ان کی بہن ان کا سپورٹ کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’عالیہ بھٹ سے میرا موازنہ میرے لیے کسی شرمندگی سے کم نہیں‘

خیال رہے کہ تاپسی سے قبل کنگنا اور رنگولی اداکارہ عالیہ بھٹ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتی رہی۔

ان دونوں نے عالیہ کو کرن جوہر کے ساتھ کام کرنے اور سنجیدہ مسائل پر خاموش رہنے اور بیان نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

کنگنا ماضی میں دپیکا پڈوکون کے ساتھ بھی جھگڑا کرچکی ہیں، دپیکا نے ایک ایوارڈ شو میں اپنا بہترین اداکارہ کا ایوارڈ کنگنا کے نام کردیا تھا، تاہم کنگنا نے دپیکا کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایوارڈ کی نمائش کرنے کے بجائے انہیں ذاتی طور پر سراہ سکتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار ادیتیا پنچولی کے خلاف ریپ مقدمہ درج

کنگنا اور رنگولی اداکار ادیتیا پنچولی پر بھی کئی سنگین الزامات لگا چکی ہیں۔

جبکہ کنگنا کا ریتیک روشن کے ساتھ ہوا تنازع بھی سب کی توجہ کا خوب مرکز بنا۔

ان دونوں نے کرن جوہر کو بھی متعدد بار اقرباء پروری کا الزام لگاتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔

تبصرے (0) بند ہیں