کیا سام سنگ کے واٹر ریزیزٹنٹ گلیکسی اسمارٹ فونز کو سوئمنگ پول اور سمندر کی سطح پر استعمال کیا جاسکتا ہے ؟

کمپنی کی جانب سے ایسا اشتہارات دکھایا جاتا ہے مگر اب اسے اس وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ آسٹریلیا کے کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن (اے سی سی سی) اس معاملے پر سام سنگ کو عدالت میں لے گئی ہے۔

آسٹریلین کمیشن نے سام سنگ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فونز کے واٹر ریزیزٹنس کے معاملے پر صارفین کو گمراہ کررہی ہے کیونکہ یہ کمپنی 2016 سے اپنے فونز کی اس صلاحیت کے بارے میں ایسا ظاہر کرتی ہے کہ انہیں سوئمنگ پول اور سمندر میں لے جاسکتی ہے، حالانکہ ایسا ہوتا نہیں۔

اے سی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سام سنگ کے گلیکسی فونز کے اشتہارات لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں کیونکہ ان میں دکھایا جاتا ہے کہ یہ فونز ہر طرح کے پانی جیسے سمندر اور سوئمنگ پول وغیرہ کے لیے موزوں ہیں اور اس سے فونز کی زندگی متاثر نہیں ہوتی، حالانکہ یہ درست نہیں'۔

اے سی سی سی کی جانب سے دائر مقدمہ 300 سے زائد اشتہارات کے تجزیے پر مبنی ہے۔

بیشتر گلیکسی فونز کے اشتہارات میں انہیں آئی پی 68 واٹر ریزیزٹنس کا حامل قرار دیا جاتا ہے، یعنی یہ ڈیوائسز ڈیڑھ میٹر گہرے پانی میں 30 منٹ تک رہ سکتی ہیں، مگر اے سی سی سی کے مطابق اس میں ہر طرح کے پانی کو کور نہیں کیا جاسکتا، یہاں تک کہ سام سنے نے خود کہا ہے کہ گلیکسی ایس 10 ساحل پر استعمال کے لیے نہیں۔

اے سی سی سی کے مطابق سام سنگ کی جانب سے گلیکسی فونز کو ایسی جگہوں پر استعمال کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے جو اسے صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے نہیں کرنا چاہیے۔

دوسری جانب سام سنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی مارکیٹنگ حکمت عملی کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے مقدمہ لڑنے کے لیے تیار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں