پنجاب کے مدارس میں سیکڑوں غیرملکی طلبہ ویزا کے بغیر قیام پذیر

اپ ڈیٹ 08 جولائ 2019
پنجاب میں موجود 302 غیر ملکی طالب علموں میں سے 286 کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی ہے۔ — فائل فوٹو/اے پی پی
پنجاب میں موجود 302 غیر ملکی طالب علموں میں سے 286 کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی ہے۔ — فائل فوٹو/اے پی پی

صوبہ پنجاب کے مدارس میں 300 سے زائد غیر ملکی طالب علموں میں سے 286 طلبا ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام پذیر اور وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

حکام نے مدرسوں کی انتظامیہ کو طلبہ کی دستاویزات وزارت داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بھارت، چین، چاڈ، سری لنکا، ایتھوپیا، الجزائر، یوگینڈا، کوموروس، اردن، سینیگال، لیبیریا اور میانمار سمیت 26 ممالک سے 302 طالب علم پنجاب میں موجود ہیں جن کے ویزا کی معلومات سے متعلق انکشاف اسپیشل برانچ کے فیلڈ اسٹاف کی چیکینگ کے دوران ہوا۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے 'جیش محمد' کا مرکز سمجھے جانے والے مدرسے کا ‘انتظام’ سنبھال لیا

فیلڈ اسٹاف کو معلوم ہوا کہ 286 طالب علموں کے ویزا کی مدت پوری ہوچکی ہے اور وہ اب بھی ملک میں بغیر قانونی دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔

ان تمام غیر ملکی طالب علموں میں سے 20 صرف راولپنڈی میں قیام پذیر ہیں، جن میں 12 تھائی لینڈ، 2 ملائیشیا، 2 چین، ایک قازقستان اور ایک فلپائن کے رہائشی ہیں۔

اس کے علاوہ 9 غیر ملکی طالب علم ضلع گوجرانوالہ میں موجود ہیں جن میں سے 4 کے پاس ویزا ہے جبکہ اٹک میں 5 مدرسوں میں تمام غیر ملکی طالب علموں کے پاس ویزا نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی طالب علموں کے ویزے کی مدت زیادہ سے زیادہ 2023 تک ہے۔

زائد المیعاد ویزا والے طالب علموں میں 70 تھائی لینڈ، 55 فلپائن، 31 انڈونیشیا، 20 ملائیشیا، 20 سوڈان، 20 چین، 14 قازقستان، 14 چاڈ اور 11 الجزائر کے رہائشی ہیں جبکہ 3 بھارتی شہری بھی زائدالمیعاد ویزا کے ساتھ لاہور میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کے جنسی استحصال کے الزام میں استاد گرفتار

دوسری جانب اسپیشل برانچ نے تمام مدرسوں سے غیر ملکی طالب علموں کے دستاویزات وزارت داخلہ بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ ان کے ویزا میں توسیع دی جاسکے۔

ضلعی پولیس نے مدرسوں کے انتظامیہ سے غیر ملکی طالب علموں کی سیکیورٹی اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے تعاون کی ہدایت کی ہے۔

سینیئر سیکیورٹی حکام کے مطابق اسٹوڈنٹ ویزا وزارت داخلہ اور وزارت تعلیم کو موصول ہونے والے درخواستوں کے بعد جاری کیے جاتے ہیں، اس طرح کے ویزے متعلقہ وزارتوں کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد جاری ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب غیر ملکی طالب علموں کے ویزا کی مدت ختم ہوجاتی ہے تو مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو اس میں توسیع کی درخواست بھیجی جاتی ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 8 جولائی 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں