چترال میں سیلابی صورتحال، وزیر اعظم کی بہن سمیت کئی افراد پھنس گئے

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2019
سیلاب سے راستے اور پل بہہ گئے — فوٹو: سراج الدین
سیلاب سے راستے اور پل بہہ گئے — فوٹو: سراج الدین

چترال کے علاقے گولین گول میں گلیشیئر پگھلنے سے آنے والے سیلاب سے راستے اور پل بہہ گئے، جس کے باعث وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان سمیت سیاح اور 2 ہزار سے زائد مقامی آبادی محصور ہوگئی۔

مالاکنڈ ڈویژن کے کمشنر ریاض محسود کا کہنا تھا کہ گولین گول میں گلیئشر پھٹنے سے آنے والے سیلاب سے راستے اور پل بہہ گئے جس کی وجہ سے زمینی راستے منقطع ہوگئے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں سیلاب، طوفانی بارشوں سے 19 افراد جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث سیکڑوں سیاح علاقے میں پھنس گئے جن میں وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان بھی گولین گول میں پھنس گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'محصور سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا انتظام کررہے ہیں جبکہ لواری ٹنل سے بھی بھاری مشینری متاثرہ علاقے روانہ کر دی گئی'۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان سیر و تفریح کے لیے گولین کے مقام پر آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ ایران کو امداد کی پیشکش

پاکستان ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ چترال کے علاقے ازغور میں سیلاب سے 5 گھروں کوجزوی نقصان اور علاقے میں رابطہ اور سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 3 چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کو بھی نقصان پہنچا اور ازغور سے 400 افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

سیلاب میں پھنسی علیمہ خان کو کئی گھنٹے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ اور بحفاظت چترال سٹی منتقل کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں