عمران خان کی حکومت 4 سے 5 ماہ میں جارہی ہے، آصف زرداری

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2019
آصف زرداری پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز
آصف زرداری پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے موجودہ وفاقی حکومت کو سول مارشل لا سے تعیبر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت 4 سے 5 ماہ میں چلی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری جدوجہد جاری ہے، عمران خان کی حکومت جلد جائے گی اور سویلین حکومت بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 سے 5 ماہ میں عمران خان کی حکومت چلے جائے گی۔

سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کے بعد صحافیوں کے نام سامنے آنے کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'میں اسے سول مارشل لا کہوں گا۔'

یہ بھی پڑھیں:’اپوزیشن حکومت گرانا چاہتی ہے جمہوری نظام نہیں‘

آصف زرداری نے کہا کہ مستقبل بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کا ہے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے پوچھا کیا آپ مریم نواز کو بھی کوئی نصیحت کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ کیوں نہیں، مریم ہماری بیٹی ہے۔

صحافیوں کے اس سوال پر کہ کیا ضیا الحق کے اوپننگ بیٹسمین راجہ ظفرالحق کو چیئرمین سینیٹ قبول کر لیں گے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال مجھ سے نہیں بلکہ مریم نواز سے پوچھا جائے گا۔

ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کو نشر ہونے سے روکے جانے کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اس انٹرویو میں صرف عمران خان کے لندن میں اسکینڈل کے بارے میں بات کی تھی۔

سابق صدر نے کہا کہ حکومت 30 ارب ڈالر کا مزید قرض لینے جا رہی ہے جو تشویش ناک ہے، ہم نے پہلے چین اور دیگر دوست ممالک سے قرضے لیے لیکن اب جن سے قرضے لے رہے ہیں وہ ہمارے جہاز بھی روک لیں گے اور سفارت خانے بھی ضبط کر لیں گے۔

مزید پڑھیں:چیئرمین سینیٹ کو ہٹا کر بتائیں گے اپوزیشن ساتھ ہے، آصف زرداری

انہوں نے کہا کہ یہ جو ہمارا وزیر خزانہ ہے ان کو حالات کا ادراک ہی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ آصف زرداری نے اس سے قبل ایک انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ ہماری پوزیشن یہ ہے کہ ہم حکومت ضرور گرانا چاہتے ہیں لیکن جمہوریت کو تباہ کرنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی بتائے گی کہ ہم میں ہم آہنگی ہے اور ہم ساتھ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں