رپورٹر سے بدتمیزی، صحافتی تنظیم نےکنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019
اداکارہ نے صحافی پر انہیں منفی دکھانے کا الزام لگایا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکارہ نے صحافی پر انہیں منفی دکھانے کا الزام لگایا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ کو اپنے سخت لہجے اور دوسروں پر شدید تنقید کرنے کی وجہ سے بولی وڈ میں کافی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

کنگنا رناوٹ کا جھگڑا، دپیکا پڈوکون، کرن جوہر، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، ریتھک روشن، سونم کپور، ادیتیہ پنچولی اور کئی نامور ستاروں سے ہوچکا ہے۔

تاہم اتنے سال میں بھارتی میڈیا ہمیشہ کنگنا رناوٹ کا سپورٹ کرتے ہیں نظر آیا، تاہم اب بھارتی صحافتی تنظیم نے بھی کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: تاپسی پنو کنگنا رناوٹ کی سستی کاپی ہیں، بہن رنگولی

بھارتی صحافتی تنظیم نے اعلان کیا کہ اور اداکارہ کو کسی بھی قسم کی میڈیا کوریج دینے سے انکار کردیا۔

ایسا اعلان انہوں نے کنگنا رناوٹ کی جانب سے ایک ایونٹ کے دوران نامور صحافی سے بدتمیزی کرنے کے بعد کیا۔

ہوا کچھ یوں کہ کنگنا رناوٹ اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'ججمنٹل ہے کیا' کے میوزک لانچ کی تقریب میں فلم کی باقی ٹیم کے ساتھ اس ایونٹ میں شریک ہوئیں۔

اس دوران جسٹن راؤ نامی صحافی نے کنگنا رناوٹ سے فلم کے حوالے سے سوال پوچھنا چاہا، تاہم کنگنا نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سوالات کا جواب نہیں دیں گی، کیوں کہ وہ اس سے قبل ان کی فلم 'منی کارنیکا' کے خلاف بھی غلط باتیں تحریر کرتے آرہے ہیں۔

کنگنا رناوٹ نے جسٹن کی سوچ کو منفی کہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دشمن بن چکے ہیں اور ان کے بارے میں گھٹیا باتیں لکھ رہے ہیں۔

تاہم اس دوران جسٹن کنگنا کی جانب سے لگائے الزامات کو بےبنیاد ٹھہراتے رہے جبکہ انہوں نے کنگنا سے ان الزامات کے ثبوت بھی مانگے۔

رپورٹر نے کنگنا رناوٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'یہ انداز صحیح نہیں، اگر آپ ایک طاقتور مقام پر بیٹھی ہیں اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ رپورٹرز کو ڈرائیں'۔

اس موقع پر فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور نے صحافیوں سے وعدہ کیا کہ وہ بعدازاں اس معاملے کو خود حل کریں گی۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد کنگنا رناوٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

جبکہ صحافتی تنظیم نے فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور سے مطالبہ کیا کہ کنگنا رناوٹ کو رپورٹر سے معافی مانگنی ہوگی اور ایسا نہ ہونے پر وہ کنگنا رناوٹ کو اس فلم کی تشہیر کے دوران کوئی میڈیا کوریج نہیں دیں گے، جبکہ مستقبل میں بھی ان کا بائیکاٹ کریں گے۔

دوسری جانب کنگنا رناوٹ کی بہن اور منیجر رنگولی نے اپنی ایک ٹویٹ میں صحافتی تنظیم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ واضح کردیا کہ کنگنا کسی سے بھی معافی نہیں مانگیں گی۔

رنگولی کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 'ایک بات تو میں وعدہ کرکے کہہ سکتی ہوں کہ کنگنا کی جانب سے کوئی معافی نہیں مانگی جائے گی۔

یاد رہے کہ فلم 'ججمینٹل ہے کیا' میں کنگنا رناوٹ کے ہمراہ راج کمار راؤ بھی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

فلم رواں ماہ 26 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں