بیرون ملک سفر پر 3 ہزار روپے سے زائد لے جانے پر پابندی

10 جولائ 2019
نئی ایڈوائزری کی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تشہیر بھی شروع کردی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
نئی ایڈوائزری کی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تشہیر بھی شروع کردی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کسٹمز نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی۔

محکمہ کسٹمز کے ذریعے نئی ایڈوائزری کی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تشہیر بھی شروع کردی گئی۔

اس ایڈوائزری کے مطابق 5 سال تک کے بچے کے لیے ایک ہزار سے 6 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ 5 سے 18 سال تک کے مسافر 5 سے 30 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ لے جاسکیں گے۔

مسافروں کے لیے جاری کی گئی ایڈوائرزی—فوٹو: پاکستان کسٹمز
مسافروں کے لیے جاری کی گئی ایڈوائرزی—فوٹو: پاکستان کسٹمز

ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 سے 60 ہزار ڈالر سالانہ تک زرمبادلہ ساتھ لے جاسکتے ہیں۔

تاہم محکمے کی جانب سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ایکسپورٹ پالیسی پروسیجر آرڈر کے تحت کچھ پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں، جس کے تحت 3 ہزار پاکستان روپے سے زائد باہر نہیں لے جاسکیں گے۔

اس کے علاوہ سونا، چاندی، پلاٹینئم، ہیرے، جواہرات، نوادرات اور آثار قدیمہ سے متعلق اشیا ساتھ لے جانے پر پابندی ہوگی۔

ساتھ ہی نشہ آور اشیا، ملکی مفادات کے خلاف لٹریچر، ٹاکسک اور کیمیکل اجزا، نقلی یا جعلی سامان بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے، اس کے علاوہ وزارت دفاع کے این او سی کے علاوہ اسلحہ، ہتھیار، کیمیائی، ایٹمی تابکاری سے متعلق اشیاء بھی سفر میں ساتھ لے جانا ممنوع ہوگا۔

ایڈوائزری کے مطابق قرنطینہ سرٹیکفیٹ کے بغیر پالتو کتے، بلیاں بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک کمپلینٹ ریڈریسل سیل (سی آر سی) بھی قائم کردیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں