وائٹ ہاؤس کی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2019
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ امریکا کا پہلا دورہ ہوگا — فائل فوٹو / انسٹاگرام
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ امریکا کا پہلا دورہ ہوگا — فائل فوٹو / انسٹاگرام

وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔'

بیان میں کہا گیا کہ 'عمران خان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، جبکہ ان کے دورے سے امن، اقتصادی ترقی، خطے کے استحکام کے لیے مل کر کام کرنے میں مدد ملے گی۔'

پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان انسداد دہشت گردی، دفاع، توانائی اور تجارت سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔'

مزید پڑھیں: وزیر اعظم دورہ امریکا کے دوران مہنگے ہوٹلز میں نہ رہنے کے خواہش مند

واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ امریکا کا پہلا دورہ ہوگا۔

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق وائٹ ہاؤس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔

ترجمان امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ مورگن آرٹگس نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال پر عمران خان کے دورے سے متعلق جواب دیا تھا۔

بریفنگ کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستانی لیڈر عمران خان اس ماہ کے آخر میں امریکا آرہے ہیں، اس حوالے سے ملاقات کا کیا شیڈول ہے، آپ ہمیں کچھ بتاسکتی ہیں؟

اس پر مورگن آرٹگس نے جواب دیا کہ میری معلومات ہیں کہ اس دورے کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق نہیں کی، میں نے بھی وہی رپورٹس پڑھیں ہیں جو آپ کے پاس ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کی تصدیق یا تردید سے متعلق وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گی لیکن وہ محکمہ خارجہ کی طرف سے اس وقت کوئی اعلان نہیں کرسکتیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دورہ امریکا ' تیسرے درجے' کا ہوگا

بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کے جواب کے بعد میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹوئٹ کی۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ 'ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرئیوں سے اجتناب کیا جائے گا، ہم امریکی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں اور روایتی طور پر باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔'

4 جولائی کو ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 22 جولائی کو ملاقات کی تصدیق کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں