انسٹاگرام میں صارفین کو بدزبانی سے بچانے کے لیے 2 فیچرز متعارف

10 جولائ 2019
انسٹاگرام میں 2 نئے فیچرز متعارف — فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
انسٹاگرام میں 2 نئے فیچرز متعارف — فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

انسٹاگرام نے اپنے صارفین کو آن لائن نفرت انگیز جملوں سے بچانے کے لیے 2 نئے فیچرز متعارف کرادیئے ہیں۔

ان میں سے ایک فیچر ری تھنک کوئی منفی کمنٹ پوسٹ کرنے پر انتباہ دیتا ہے جبکہ دوسرے فیچر رسٹرکٹ (restrict)میں آپ اپنی پوسٹ میں مخصوص افراد کو کمنٹ کرنے سے روک سکتے ہیں بلکہ یوں کہہ لیں انہیں آگاہ کیے بغیر بلاک کرسکتے ہیں۔

رواں سال اپریل میں ایف ایٹ کانفرنس کے دوران کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئے وارننگ لیبز پر کام کررہی ہے، پہلا فیچر لوگوں کو منفی کمنٹ کرنے سے روکتا نہیں مگر کمنٹ پوسٹ ہونے سے قبل دوبارہ سوچنے کا کہتا ہے۔

منفی کمنٹ پر صارف کے سامنے یہ جملے آتے ہیں 'کیا آپ اسے پوسٹ کرنا چاہتے ہیں؟ ہم لوگوں سے کمنٹ پر دوبارہ سوچنے کا کہہ رہے ہیں کیونکہ اس طرح کے کمنٹس رپورٹ ہوتے رہتے ہیں'۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک بلاگ میں بتایا کہ اس فیچر کے ابتدائی ٹیسٹ میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں 'یہ کچھ لوگوں کو اپنے کمنٹ بدلنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتا ہے اور وہ کم تکلیف دہ جملے پوسٹ کرتے ہیں'۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

دوسرا فیچر ایسے افراد کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے جن کو اکثر آن لائن بدزبانی یا ہراساں ہونے کا تجربہ ہوتا ہے اور یہ بنیادی طور پر بلاکنگ اور کچھ نہ کرنے کے درمیان کا سمجھا جاسکتا ہے۔

اس فیچر کی آزمائش چند ممالک میں کی جارہی ہے اور رواں سال کسی وقت دنیا بھر میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے تحت جب کسی کو رسٹرکٹ کیا جاتا ہے تو اس کا کمنٹ بس صرف آپ اور وہ ہی دیکھ پاتا ہے (اگر آپ اسے پبلک نہ کردیں تو)، مگر بلاک کرنے کے برعکس جب کسی کو رسٹرکٹ کیا جاتا ہے تو اسے معلوم نہیں ہوپاتا کہ اس کے کمنٹس کی آپ اسکریننگ کررہے ہیں۔

ایڈم موسیری کے مطابق یہ اس لیے اہم ہے کیونکہ کئی بار کسی کو بلاک کرنا صورتحال کو زیادہ خراب کردیتا ہے اور حالات بدتر ہوسکتے ہیں۔

انسٹاگرام میں آن لائن نفرت انگیز رویے کا اظہار کافی بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور نوجوانوں کو اس کا بہت زیادہ سامنا ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں