20 کروڑ سال سے زمین پر موجود شارک کی فوٹیج سامنے آگئی

10 جولائ 2019
بلنٹ نوز سکس گل شارک— فوٹو بشکریہ فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی
بلنٹ نوز سکس گل شارک— فوٹو بشکریہ فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی

سمندر کی گہرائی میں، جہاں سورج کی روشنی بھی نہیں پہنچ پاتی، سائنسدانوں نے کروڑوں برسوں سے ہماری زمین پر موجود شارک مچھلی کی ایک قسم کو پہلی بار کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا ہے۔

بلنٹ نوز سکس گل شارک اس دنیا میں 20 کروڑ سال سے موجود ہے، مگر ان کا طرز زندگی اب تک کسی راز سے کم نہیں تھا۔

سائنسدان کافی عرصے سے اس پر تحقیق کررہے ہیں اور ان کے مطابق عام حالات میں یہ تاریک پانیوں (ڈھائی ہزار سے 8 ہزار 200 فٹ گہرے پانی) میں رہنا پسند کرتی ہیں اور محج رات کو ہی غذا کے لیے اوپر آنا پسند کرتی ہیں۔

مگر سطح پر آن کے بعد ان کی معمول کی حرکت سامنے نہیں آتی تو سائنسدانوں نے اس کے لیے شارک مچھلیوں کے قدرتی پناہ گاہ یعنی سمندری کی گہرائی میں جاکر ایک سکس گل شارک مچھلی کو ٹیگ لگانے کا فیصلہ کیا، تاکہ اس پر نظر رکھی جاسکے۔

فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کے بحری ماہرین کی ایک ٹیم نے بہاماس کے ساحلوں پر ایک آبدوز کی مدد سے یہ کام کیا۔

شارک مچھلی کی ایک قسم اپنے آپ میں کسی عجوبے سے کم نہیں ہے کیونکہ دیگر نسلوں میں تو 5 گلپھڑے یا گل ہوتے ہیں مگر اس میں 6 گلپھڑے ہیں اور یہ چھٹا گل ڈائنا سورز کے دور کی نشانی ہے۔

لاکھوں، کروڑوں سال پہلے کی شارک مچھلیوں کے فوسلز سے جو معلومات حاصل ہوتی ہے، ان کے مطابق بلنٹ نوز سکس گل حیران کن طور پر نہ ہونے کے برابر بدلی ہے۔

یہ مچھلی 8 میٹر تک لمبی ہوسکتی ہے جبکہ چوڑے جسم اور چمکتی سبز آنکھوں کے ساتھ یہ گہرے سمندر میں زندہ شکار کے ساتھ مردہ اجسام کو کھالیتی ہے۔

سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ یہ مچھلی 80 سال تک زندہ رہ سکتی ہے اور اس پر ٹیگ لگانے کا عمل 4 دن میں مکمل ہوا۔

گزشتہ سال سکس گل شارک کی ایک نئی قسم بھی دریافت ہوئی تھی جسے اٹلانٹک سکس گل کا نام دیا گیا تھا اور یہ انکشاف ہوا تھا کہ یہ قسم سمندروں میں ڈائنا سار کے عہد سے بھی پہلے لگ بھگ 25 کروڑ سال پہلے سے اب تک سمندروں میں موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں