پاپوا نیو گنی: نسلی فسادات کے دوران 24 افراد قتل

11 جولائ 2019
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، منتظم صوبہ ہیلا — فوٹو: اے ایف پی
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، منتظم صوبہ ہیلا — فوٹو: اے ایف پی

خطہ اوشیانا کی شمالی ریاست پاپوا نیو گنی میں تین روز سے جاری نسلی فسادات کے دوران 2 حاملہ خواتین سمیت 24 افراد قتل کر دیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاپوا نیو گنی حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد صوبے ہیلا میں مارے گئے ہیں جہاں اکثر قبائلی گروہ اس علاقے میں موجود سونے کے ذخائر پر قبضہ جمانے لیے لڑتے رہتے ہیں۔

اس پہاڑی علاقے میں صدیوں سے یہ قبائل اسی طرح ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں تاہم موجودہ دور میں خود کار ہھتیاروں کے ایجاد ہونے کے بعد یہ تصادم اور بھی مہلک ہوچکے ہیں۔

صوبے ہیلا کے منتظم ولیم بانڈو کا کہنا تھا کہ فسادات کے دوران مارے جانے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب بھی ان علاقوں میں موجود اپنے حکام سے معاملات پر بریفنگ کے انتظار میں ہیں۔

ولیم بانڈو نے یہ بھی بتایا کہ فسادات کے شکار علاقوں سے اپنے 40 افسران کو نکالنے کے لیے ایک سو سے زائد پولیس اہلکاروں کو وہاں تعینات کیا جائے گا۔

مذکورہ واقعے نے پورے پاپوا نیو گنی اور اس کے وزیراعظم جیمز ماراپے کو صدمے سے دوچار کر دیا کیونکہ وزیراعظم کے حلقے میں ہی ان افراد کا قتل ہوا۔

وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ان کے لیے ایک انتہائی غم کا دن ہے، میرے حلقے میں خواتین اور بچوں کو بہیمانہ قتل کر دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں