سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 کی آفیشل تصاویر لیک

11 جولائ 2019
گلیکسی نوٹ 10 ممکنہ طور پر ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ ون فیوچر
گلیکسی نوٹ 10 ممکنہ طور پر ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ ون فیوچر

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 آئندہ ماہ متعارف کرایا جائے گا اور پہلی بار یہ ڈیوائس 2 مختلف ورژن میں پیش کی جائے گی۔

ویسے تو ان فونز کی تصاویر پہلے بھی لیک ہوچکی ہیں مگر اب ان کے حتمی ڈیزائن کی تصاویر جرمن سائٹ ون فیوچر نے لیک کی ہیں جس میں تمام تر تفصیلات واضح ہیں اور ان لیکس کی تصدیق ہوتی ہے جو گزشتہ مہینوں میں سامنے آچکی ہیں بلکہ یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ڈیزائن کے لحاظ سے کسی حد تک ہواوے فونز سے متاثر ہے۔

ون فیوچر کے مطابق یہ تصاویر درحقیقت سام سنگ کی آفیشل مارکیٹنگ مقاصد کے لیے تیار کی گئی تھیں۔

پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 میں بیک پر تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا جارہا ہے جبکہ فلیش کو اس کے برابر میں منتقل کیا جارہا ہے۔

اسی طرح گلیکسی نوٹ 10 پلس میں بیک پر تین کی بجائے 4 کیمرے ہوں گے، مگر ایک کیمرا تھری ڈی ٹائم آف لائٹ سنسر سے لیس ہوگا۔

اسی طرح ہول پنچ فرنٹ کیمرے کو ایس 10 کی طرح سائیڈ میں دینے کی بجائے درمیان میں رکھا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہوگا جیسا ایس 10 میں دیا گیا۔

اسی طرح والیوم اور پاور بٹن فون کے بائیں جانب دیئے گئے ہیں جبکہ دائیں جانب سے بیکسبی بٹن غائب کردیا گیا ہے۔

اسی طرح دونوں فونز میں بیک پر کئی رنگوں کے امتزاج یا گریڈینٹ کلرز دیئے جارہے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طرح کا بیک ڈیزائن سام سنگ کی مخالف کمپنی ہواوے کے فونز میں اکثر دیکھنے میں آتا ہے مگر اب پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی ڈیوائس میں بھی نظر آئے گا۔

ممکنہ گلیکسی نوٹ 10 اسٹینڈرڈ— فوٹو بشکریہ ون فیوچر
ممکنہ گلیکسی نوٹ 10 اسٹینڈرڈ— فوٹو بشکریہ ون فیوچر

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں اوپری اور نچلے بیزل کو لگ بھگ ختم کردیا گیا ہے جبکہ پنچ ہول کیمرا سائیڈ کی بجائے اسکرین کے اوپر سینٹر میں دیاج ائے گا۔

مختلف افواہوں کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 کا ایک ماڈل 6.75 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ دوسرے ورڑن میں 6.3 انچ ڈسپلے دیا جائے گا۔

اس سے قبل مختلف لیکس میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 میں 45 واٹ چارجنگ اسپیڈ دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی فون میں دی جائے گی۔

ممکنہ گلیکسی نوٹ 10 پلس — فوٹو بشکریہ ون فیوچر
ممکنہ گلیکسی نوٹ 10 پلس — فوٹو بشکریہ ون فیوچر

ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ گلیکسی نوٹ پلس میں سپر امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ایکسینوس 9828 پراسیسر یا اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا جائے گا۔

اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم ہوگا مگر اسے بعد میں اینڈرائیڈ کیو سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

گلیکسی نوٹ 10 کو اگلے ماہ کی 7 تاریخ (7 اگست) کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں