ملازم کی بیٹی سے شادی کی خواہش پر قتل کرنے والے ارب پتی ’ڈوسا کنگ‘ کو قید کی سزا

11 جولائ 2019
راج گوپال کو تامل ناڈو کی بااثر ترین شخصیات میں شمار کیا جات اہے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
راج گوپال کو تامل ناڈو کی بااثر ترین شخصیات میں شمار کیا جات اہے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھارت کے ارب پتی کاروباری شخص 72 سالہ راج گوپال نے خود کو قید سے بچانے کے لیے 15 سال تک عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنے اور بیماری کا بہانے کرنے کے بعد بالآخر خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ارب پتی راج گوپال کے بھارت سمیت دنیا بھر میں ’سرونا بھون‘ کے نام سے 5 درجن سے زائد شاندار ریسٹورنٹ ہیں اور ان کا شمار امیر کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔

ان کے ’سرونا بھون‘ نامی ریسٹورانٹس پر بھارت کے کئی روایتی کھانے دستیاب ہوتے ہیں اور ان ہی کھانوں میں ان کے ریسٹورنٹ کی سب سے مشہور ڈش ’ڈوسا‘ ہوتی ہے جو جنوبی بھارت کی روایتی ڈش ہے۔

راج گوپال کے ریسٹورنٹ پر لذیذ ڈوسا دستیاب ہونے کی وجہ سے انہیں ’ڈوسا کنگ‘ بھی کہا جاتا ہے، ان پر یہ نام ابتدائی طور پر تامل ناڈو میں پڑا۔

راج گوپال پر الزام ہے کہ انہوں نے 2001 میں اپنے ریسٹورنٹ کے اسسٹنٹ مینیجر کی بیٹی سے شادی کرنا چاہی، تاہم ملازم کی بیٹی نے ان کے بجائے اپنے پریمی سے شادی رچالی۔

راج گوپال نے چنئی میں موجود اپنے ریسٹورنٹ کے اسسٹنٹ مینیجر کی 21 سالہ بیٹی جیوا جوتھی اور ان کے شوہر کو اغوا کرایا اور بعد ازں جیوا جوتھی کے شوہر کو غائب کرکے قتل کردیا گیا۔

راج گوپال نے جیواجوتھی اور ان کے شوہر کو اغوا کروانے کے بعد ان کے شوہر کو قتل کروایا تھا—فوٹو: تامل نیوز ڈاٹ کام
راج گوپال نے جیواجوتھی اور ان کے شوہر کو اغوا کروانے کے بعد ان کے شوہر کو قتل کروایا تھا—فوٹو: تامل نیوز ڈاٹ کام

جیوا جوتھی کے شوہر کی لاش جنگل سے ملی تھی اور پولیس نے پوسٹ مارتم اور کچھ ثبوتوں کی بناء پر ’سرونا بھون‘ ہوٹل کے مالک راج گوپال سمیت 8 دیگر افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔

عدالت نے 2003 میں راج گوپال سمیت 8 افراد کو جیوا جوتھی کے شوہر کے قتل کے الزام میں 10 سال جیل قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد ہوٹل مالک نے مقامی عدالت کے فیصلے کو مدراس (چنئی) ہائی کورٹ میں چیلینج کیا تھا۔

مدراس ہائی کورٹ نے بھی راج گوپال کی 10 سال کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، تاہم اعلیٰ عدالت نے بھی ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

مسلسل درخواستیں مسترد ہونے کے بعد راج گوپال نے عدالت میں بیماری کی درخواستیں دے کر قید کی سزا سے بچنے کی کوشش کی اور رواں ماہ 8 جولائی تک وہ درخواستوں کے ذریعے قید سے بچتے آئے۔

تاہم 8 جولائی کو سپریم کورٹ نے ان کی مزید درخواستیں مسترد کردیں، جس کے بعد انہیں خود کو عدالت کے حوالے کرنا پڑا۔

شادی کے وقت جیوا جوتھی کی عمر 21 برس تھی—فوٹو: تامل ون انڈیا
شادی کے وقت جیوا جوتھی کی عمر 21 برس تھی—فوٹو: تامل ون انڈیا

انڈیا ٹوڈے کے مطابق راج گوپال 9 جولائی کو ڈرامائی انداز میں ایمبولینس پر مدراس ہائی کورٹ پہنچے اور خود کو عدالتی حکام کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق راج گوپال کو ماسک چڑھا ہوا تھا اور بظاہر وہ شدید علیل لگ رہے تھے، تاہم عدالت نے انہیں پولیس کے حوالے کردیا اور بعد ازاں انہیں ابتدائی طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ارب پتی ہوٹل مالک کو ہسپتال کے جیل وارڈ میں رکھا گیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں جیل منتقل کیا گیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ارب پتی شخص نے جس لڑکی سے شادی کے چکر میں ان کے شوہر کو قتل کروادیا اس خاتون نے تمام تر کوششوں اور مراعتوں کی پیش کش کے باوجود ان سے شادی نہیں کی۔

جیوا جوتھی کو تامل ناڈو میں طاقتور ترین خاتون کہا جاتا ہے—فوٹو: نیوز 7 تامل
جیوا جوتھی کو تامل ناڈو میں طاقتور ترین خاتون کہا جاتا ہے—فوٹو: نیوز 7 تامل

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جس خاتون کے شوہر کو راج گوپال نے قتل کروایا، وہی خاتون عدالتوں میں ان کے خلاف کیس لڑتی رہیں اور انہیں سزا دلوائی۔

راج گوپال کے اس وقت بھارت میں 39 جب کہ دبئی، قطر، عمان، سعودی عرب، بحرین، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، سویڈن، نیدر لینڈ، اٹلی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک میں 43‘ ہوٹل موجود ہیں اور ان کا شمار امیر ترین کاروباری افراد میں ہوتا ہے۔

ان سے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان کے کامیاب بزنس مین کی 2 وجوہات ہیں، جن میں سے ان کے ہوٹل کے کھانوں کا ذائقہ اور معیار انتہائی اہم ہوتا ہے اور دوسرا وہ ہمیشہ اپنے ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرتے رہیں ہیں۔

راج گوپال کے دنیا بھر میں ہزاروں ملازمین ہیں، جنہیں وہ اچھی تنخواہ سمیت صحت، گھر الاؤنس، شادی الاؤنس اور آسان قسطوں پر قرضے دینے جیسی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

راج گوپال نے 2 شادیاں کر رکھی ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں، تاہم وہ کسی مذہبی نجومی کے کہنے پر ملازم کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتے تھے اور وہ خود بھی مذہبی خیالات کے شخص ہیں اور ایسی باتوں پر کامل یقین رکھتے ہیں۔

راج گوپال عرف ڈوسا کنگ ڈرامائی حالت میں ایمبولینس پر عدالت پہنچے اور خود کو حکام کے حوالے کیا—ون انڈیا تامل
راج گوپال عرف ڈوسا کنگ ڈرامائی حالت میں ایمبولینس پر عدالت پہنچے اور خود کو حکام کے حوالے کیا—ون انڈیا تامل

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Abdul wahab Jul 12, 2019 04:25pm
Sukria