برطانیہ،امریکا کو ایرانی ٹینکر تحویل میں لینے پر پچھتاوا ہوگا، پاسداران انقلاب

اپ ڈیٹ 11 جولائ 2019
امریکی حکومت اور برطانیہ نے ذرا سا بھی حساب لگایا ہوتا تو انہوں نے یہ اقدام نہ لیا ہوتا، نائب کمانڈر پاسداران انقلاب — فوٹو: تسنیم نیوز
امریکی حکومت اور برطانیہ نے ذرا سا بھی حساب لگایا ہوتا تو انہوں نے یہ اقدام نہ لیا ہوتا، نائب کمانڈر پاسداران انقلاب — فوٹو: تسنیم نیوز

ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر نے کہا ہے کہ برطانیہ اور امریکا کو ایرانی تیل ٹینکر قبضے میں لینے پر پچھتاوا ہوگا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی 'تسنیم نیوز' نے بتایا کہ ریئر ایڈمرل علی فداوی نے کہا کہ ’اب ان کی جانب سے ایسا اقدام لیا گیا جس کے لیے قابلیت نہیں بیوقوفی کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’امریکی حکومت اور برطانیہ نے ذرا سا بھی حساب لگایا ہوتا تو انہوں نے یہ اقدام نہ لیا ہوتا‘۔

پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر نے کہا کہ ’ہم نے اس کشتی کو کرائے پر لیا اور اس میں ہمارا سامان تھا، ان کا اقدام انتہائی بیوقوفانہ تھا اور انہیں اس پر لازمی افسوس ہوگا، ہمارے جوابی اقدام کا اعلان کیا جائے گا‘۔

مزید پڑھیں: ایران نے برطانوی تیل بردار جہاز کا راستہ روکنے کا الزام مسترد کردیا

خیال رہے کہ برطانیہ کی رائل مرینز نے 4 جولائی کو ایران کے تیل بردار ٹینکر کو جبل الطارق میں تحویل میں لے لیا تھا۔

ایران نے تیل بردار ٹینکر کو غیر قانونی طور پر تحویل میں لینے پر برطانوی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا تھا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے تسلیم کیا تھا کہ خام تیل کا کارگو ایران سے چلا تھا۔

بعد ازاں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے جبل الطارق میں رائل مرینز کی جانب سے تہران کا آئل ٹینکر تحویل میں لینے پر ردعمل میں برطانوی جہاز قبضے میں لینے کی دھمکی دی تھی۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر محسن رضائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ 'اگر برطانیہ، ایرانی آئل ٹینکر کو آزاد نہیں کرتا تو یہ ایرانی حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ برطانیہ کا آئل ٹینکر قبضے میں لے لیں۔'

یہ بھی پڑھیں: ایران کی ردعمل میں برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی دھمکی

8 جولائی کو ایران کے وزیر دفاع نے برطانیہ کے اقدام کا ردعمل دیتے ہوئے تیل بردار ٹینکر ضبط کرنے کے اقدام کو سمندری قزاقی قرار دیا تھا۔

بریگیڈیئر جنرل عامر حتامی نے کہا تھا ہم یہ برداشت نہیں کریں گے اور ردعمل دیں گے۔

گزشتہ روز ایرانی صدر حسن روحانی نے برطانیہ کو آئل ٹینکر قبضے میں لینے کے اس بیوقوفانہ عمل کے نتائج سے خبردار کیا تھا ۔

حسن روحانی نے سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے نشر کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ ’ برطانیہ نے سمندر کو غیر محفوظ بنانے کا آغاز کیا اور بعد میں آپ اس کے نتائج بھگتیں گے‘۔

یہ واقعہ حالیہ چند ہفتوں میں واشنگٹن کی جانب سے تہران پر خلیج عمان میں مختلف تیل بردار جہازوں پر حملہ کرنے کے الزام اور ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد پیش آیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں