پاکستانی مافیا رشوت کی پیشکش اور بلیک میل کررہی ہے، عمران خان

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2019
سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی اپنے لیے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی اپنے لیے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان — فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مافیا رشوت کی پیشکش کر رہی ہے جبکہ اداروں کو بلیک میل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان منی لانڈرنگ کرنے والوں کو سلسین مافیا قرار دے دیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی اپنے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا دورہ امریکا ' تیسرے درجے' کا ہوگا

انہوں نے کہا کہ مافیا منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع کی گئی اپنی دولت کا تحفظ چاہتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ انہیں رشوت کی پیشکش کی جارہی ہے اور بلیک میلنگ اور دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

عمران خان مافیا کا حصہ ہیں، مریم نواز

وزیراعظم کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انہیں بھی مافیا کا حصہ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ "آپ اس مافیا کا حصہ ہیں جو اپنے سیاسی حریف سے انتقام لینے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'یہ آپ ہیں جنہوں نے سیاسی حریف کے خلاف اسکورنگ کرنے اور ان کی شخصیت کو مسخ کرکے بدنام کرنے میں اداروں کا استعمال کیا۔'

ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ' عمران خان نے ایک منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش اور بے گناہ کے ساتھ ظلم کیا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'سسلین مافیا کے سردار آپ ہیں، جو دھوکا، سازش اور ظلم کرتا ہے۔'

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) میں بیچ دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں