فلم انڈسٹری چھوڑنے کے اعلان کے بعد زائرہ وسیم کا ایک اور جذباتی پیغام

13 جولائ 2019
زائرہ وسیم نے 2 ہفتے قبل بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: کریئیٹر کشمیر
زائرہ وسیم نے 2 ہفتے قبل بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو: کریئیٹر کشمیر

نوجوان بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی سوشل میڈیا کے ذریعے فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

زائرہ وسیم کے مطابق شوبز انڈسٹری میں کام کی وجہ سے ان کی زندگی اور ایمان متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اب وہ مزید اس انڈسٹری کا حصہ نہیں رہنا چاہتیں۔

اداکارہ کے ایسے اعلان کے بعد جہاں ان پر تنقید کی گئی، وہیں کئی شخصیات نے ان کے فیصلے کی تعریف بھی کی۔

بعد ازاں یہ اطلاعات بھی آئیں کہ زائرہ وسیم کو بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس 13‘ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور انہیں شو میں چند منٹ کی شرکت کے بدلے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق بھاری معاوضے کی پیش کش کے باوجود زائرہ وسیم نے بگ باس میں شرکت کی دعوت کو مسترد کردیا۔

خبریں ہیں کہ زائرہ وسیم اپنی آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد بولی وڈ سے الگ ہوجائیں گی اور ان کی آخری فلم کی شوٹنگ رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے وسط تک مکمل ہوجائے گی۔

’اسکائے از پنک‘ مجموعی طور پر زائرہ وسیم کی تیسری فلم ہے، اس سے قبل وہ ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ اور ’دنگل‘ میں دکھائی دی تھیں۔

زائرہ وسیم کی جانب سے بولی وڈ چھوڑنے کے اعلان کے بعد اب پہلی بار سوشل میڈیا پر ایک اور جذباتی پیغام نے ان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔

دنگل گرل زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر دیوار کی ایک دندھلی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے معروف روسی نژاد امریکی ناول نگار، فلاسافر اور لکھاری آئن رینڈ کے ناول کا ایک جملہ لکھا جس پر مداحوں نے ان کی تعریف کی۔

زائرہ وسیم نے اپنی پوسٹ میں آئن رینڈ کے 1957 میں شائع ہونے والے چوتھے اور آخری ناول ’ایٹلس شرگڈ‘ کی سطریں لکھیں۔

زائرہ وسیم کی جانب سے آئن ریڈ کے ناول سے لی گئی سطروں میں حوصلہ شکن افراد کو ہمت نہ ہارنے کا درس دیا گیا ہے اور انہیں محنت سے اپنے خوابوں کے مطابق نئی دنیا تعمیر کرنے کا جذبہ بھی دیا گیا ہے۔

زائرہ وسیم نے لکھا کہ ’اندر کی آگ کو بجھنے مت دیں، ناامیدی کے باوجود ایک چنگاری کے ساتھ دلدل میں روشن رہنے کی جستجو کرتے رہیں،آپ جیسی زندگی چاہتے تھے، اگر آپ کو ایسی زندگی نہیں ملی تو ایسی زندگی حاصل کرنے کے لیے کوشش کرتے رہیں، اپنے روح کو تنہا مت چھوڑیں اور ایسی دنیا بنائی جا سکتی ہے، جیسی آپ چاہتے ہیں‘۔

زائرہ وسیم نے 13 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا—فوٹو: فیس بک
زائرہ وسیم نے 13 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا—فوٹو: فیس بک

زائرہ وسیم کی جانب سے روسی نژاد امریکی لکھاری کے ناول سے لی گئی سطروں کو شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے ان کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے کی وہ قدر کرتے ہیں۔

دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ زائرہ وسیم سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی کچھ قبل آئن ریڈ کے اسی ناول کی لائنیں ٹوئیٹ کی تھیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے آئن ریڈ کے اسی ناول کی سطریں شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'جب کسی کو کوئی چیز بنانے کے لیے ان لوگوں سے اجازت لینی پڑے جو خود کوئی چیز نہیں بناتے جب دولت ان کے پاس ہو جو بہتری کے بجائے ذاتی مفاد کے لیے کام کرتے ہیں اور قانون بھی ان کو تحفظ دے تو آپ سمجھیں کہ آپ کا ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے‘

وزیر اعظم عمران خان اور زائرہ وسیم کی جانب سے آئن ریڈ کے جس ناول کی لائنیں لکھی گئیں اسی ناول پر ہولی وڈ کی 2 فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں، یہ ناول واقعیت اور مقصدیت پسندی کو بیان کرتا ہے، ناول میں امریکی زندگی اور وہاں کے کاروبار سے متعلق واقعات کو بیان کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں