نومولود بچے کو نہلاتے وقت اکثر مائیں یہ 5 غلطیاں کرتی ہیں

16 جولائ 2019
ممکن ہے کہ ٹھنڈے پانی سے بچے کے جسم پر سکون بخش اثرات مرتب نہ ہوں جبکہ گرم پانی بچے کا جسم جلا سکتا ہے— شٹراسٹاک
ممکن ہے کہ ٹھنڈے پانی سے بچے کے جسم پر سکون بخش اثرات مرتب نہ ہوں جبکہ گرم پانی بچے کا جسم جلا سکتا ہے— شٹراسٹاک

بچے کی صفائی ہر ماں کے لیے اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر مائیں اپنے بچوں کو بار بار نہلا رہی ہوتی ہیں۔ پھر نہلانے کے دوران وہ اپنے بچوں کی نرم و ملائم جِلد کی حفاظت کی خاطر مختلف اقسام کے پراڈکٹس کا استعمال بھی کرتی ہیں۔

بچوں کو نہلانا اہم ہے لیکن کئی مائیں اکثر اوقات اس دوران بہت ساری غلطیاں کرتی ہیں جن کے باعث بچے کی جلد کو فائدہ ہونے کے بجائے نقصان پہنچتا ہے۔

ہم یہاں آپ کو ایسی ہی چند غلطیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو اکثر مائیں بچوں کو نہلانے کے دوران کرتی ہیں۔

بچوں کو کئی بار نہلانا

بچے کی صاف صفائی کو لے کر آپ کی فکر کو ہم سمجھتے ہیں لیکن بار بار نہلانا نومولود بچوں کی نرم و ملائم جلد کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ بچے کو دن میں ایک بار نیم گرم پانی سے نہلانا ہی کافی ہے۔ رات کے معمول میں بچے کے جسم پر صرف گیلا کپڑا پھیریے اور کپڑے پہنا دیجیے۔

کئی سارے پراڈکٹس کا استعمال

بازار میں ایسے کئی پراڈکٹس دستیاب ہیں جو مختلف فوائد پہنچانے کا دعوٰی کرتے ہیں، لیکن یہ ہرگز ضروری نہیں کہ آپ تمام ہی پراڈکٹس اپنے بچے پر آزمائیں۔ بچے کے جسم کو صاف کیجیے، اسے خشک کیجیے، تھوڑا سا مؤسچرائز لگالیے اور آپ کا کام ختم۔ کئی سارے پراڈکٹس کا استعمال بچے کی نرم و نازک جلد کے لیے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔

بہت زیادہ گرم یا ٹھنڈے پانی کا استعمال

یہ تسلی کرلیجیے کہ نہلانے کے لیے استعمال ہونے والے پانی کا درجہ حرارت بالکل ٹھیک ہو۔ پانی نہ تو بہت زیادہ گرم ہونا چاہیے اور نہ ہی انتہائی ٹھنڈا ہونا چاہیے۔

ممکن ہے کہ ٹھنڈے پانی سے بچے کے جسم پر سکون بخش اثرات مرتب نہ ہوں جبکہ گرم پانی بچے کا جسم جلا سکتا ہے۔

جسم کے اہم حصوں کی صفائی نہ کرنا

بچے کو اچھی طرح سے صاف کرنا ضروری ہے، البتہ جس طرح آپ اپنے ایک سے 3 برس کے بچوں کے جسم کو رگڑ کر صاف کرتے ہیں اس طرح نومولود بچے کے جسم کو رگڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بچے کے جسم کے زیادہ حساس حصوں کی صفائی حفظان صحت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہوتی ہے۔ پیشاب اور رفع حاجت کے بعد بچوں کے نجی جسمانی حصوں کو اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے جبکہ غیر مناسب صفائی سے ڈائپر ریش اور انفیکشن کا خدشہ رہتا ہے۔

بچے کے جسم کو نفاست کے ساتھ کپڑا رکھ کر خشک نہ کرنا

بچے کو نہلانے کے بعد جسم کو نفاست کے ساتھ خشک کیجیے۔ گیلے جسم سے بچے کو بے چینی محسوس ہوتی ہے اور اسے ٹھنڈ بھی لگ سکتی ہے، جس کے باعث وہ بیمار پڑسکتے ہیں اور فنگل انفیکشن (fungal infections) کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں