انتظامیہ میں شامل افراد نے باس کو جنسی طور پر مطمئن کرنے کا کہا، شویتا ریڈی—فوٹو: دی نیوز منٹ
انتظامیہ میں شامل افراد نے باس کو جنسی طور پر مطمئن کرنے کا کہا، شویتا ریڈی—فوٹو: دی نیوز منٹ

بھارت کا متنازع ترین ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ ہمیشہ ہی خبروں میں رہتا ہے، جہاں اس پروگرام پر متنازع سیگمنٹس کی وجہ سے تنقید کی جاتی ہے۔

وہیں اس پروگرام میں شامل ہونے والے متنازع مہمانوں کی وجہ سے بھی یہ خبروں میں رہتا ہے۔

بگ باس کا ہندی ورژن تو بھارت کے علاوہ پاکستان اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔

تاہم اس پروگرام کا بھارت کی مقامی زبان تیلگو میں نشر ہونے والا ورژن بھی بھارت بھر میں مقبول ہے، جس کی میزبانی معروف تامل اداکار اکینینی نگر جونا کرتے ہیں۔

اگرچہ ہندی بگ باس کا رواں برس ستمبر میں 13 واں سیزن شروع ہوگا، تاہم تیلگو بگ باس کا اس وقت تیسرا ورژن جاری ہے جس کا اختتام رواں برس ستمبر کے آخر میں ہوگا۔

بگ باس تیلگو کو بھارتی ٹی وی چینل ’اسٹار ما‘ پر نشر کیا جاتا ہے اور یہ شو جنوبی بھارت کا سب سے مقبول ترین اور متنازع ترین ٹی وی شو ہے۔

سلمان خان کی میزبانی میں چلنے والے ہندی ورژن کے بگ باس کی طرح تیلگو بگ باس میں بھی متنازع اداکاروں اور شخصیات کو شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے، تاکہ شو کی ریٹنگ برقرار رہے۔

متنازع شخصیات کو شامل کرنے کی وجہ سے بگ باس تیلگو بھی ہمیشہ بھارتی خبروں میڈیا کی خبروں میں رہتا ہے، تاہم اس بار یہ شو ایک خاتون صحافی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

بگ باس تیلگو میں شرکت کرنے والی ایک خاتون صحافی نے شو کی انتظامیہ پر جنسی ہراساں کے الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں فحش کام کے بدلے پروگرام کے فائنل راؤنڈ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ معروف تیلگو خاتون صحافی نے بگ باس انتطامیہ پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں متنازع شو کے آخری فائنل میں شرکت کے لیے فحش مطالبہ پورے کرنے کا کہا گیا۔

اخبار نے خاتون صحافی کا نام بتائے بغیر بتایا کہ خاتون صحافی کی تحریری شکایت ملنے کے بعد ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس نے مقدمہ بھی دائر کردیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا کہ انہیں بگ باس تیلگو کی ٹیم کے 4 ارکان نے انٹرویو کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرتے ہوئے ان کے جسمانی خدوخال پر نامناسب باتیں کیں۔

انٹرویو لینے والے افراد نے میرے جسمانی خدوخال پر نامناسب جملے کہے، شویتا ریڈی—اسکرین شاٹ اے پی نیوز24
انٹرویو لینے والے افراد نے میرے جسمانی خدوخال پر نامناسب جملے کہے، شویتا ریڈی—اسکرین شاٹ اے پی نیوز24

خاتون صحافی نے دعویٰ کیا کہ انٹرویو لینے والے چاروں افراد نے انہیں بتایا کہ وہ ان کے باس کو جنسی طور پر مطمئن کریں تو انہیں پروگرام کے فائنل راؤنڈ میں شامل کیا جائے گا۔

اگرچہ ہندوستان ٹائمز نے خاتون صحافی کا نام نہیں بتایا، تاہم ’دی نیوز منٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں خاتون صحافی کا نام بتاتے ہوئے بتایا کہ خاتون کی فریاد پر مقدمہ دائر کردیا گیا، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق بگ باس تیلگو کی ٹیم معروف تیلگو صحافی شویتا ریڈی کو شو میں شرکت کرنے کی دعوت دی اور انہیں مبینہ طور پر اپنے باس کو جنسی طور مطمئن کرنے کےبدلے فائنل راؤنڈ میں منتخب کرنے کی پیش کش کی گئی۔

خاتون صحافی شویتا ریڈی کے مطابق ابتدائی طور پر انہیں رواں برس مارچ میں بگ باس تیلگو کی انتظامیہ کی جانب سے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی، جس پر انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ وہ انہیں کیوں پروگرام میں شامل کرنا چاہتے ہیں؟

خاتون صحافی کے مطابق بگ باس تیلگو کی انتظامیہ انہیں ان کی شہرت کی وجہ سے پروگرام میں شامل کرنا چاہتی تھیں اور انہوں نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد پروگرام میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

شویتا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تاہم کچھ دن قبل ہی بگ باس انتظامیہ نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ انہیں پروگرام کے فائنل راؤنڈ میں بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔

خاتون صحافی کے مطابق وہ فائنل راؤنڈ میں شرکت کے لیے انٹرویو دینے پہنچیں تو انہیں انٹرویو لینے والے چاروں افراد نے جنسی طور پر ہراساں کیا اور ان کے جسمانی خدوخال پر نامناسب جملے کہے۔

شویتا ریڈی کا کہنا تھا کہ چاروں میں سے ایک شخص نے ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں فائنل راؤنڈ میں شامل کیا جائے تو وہ ان کے باس کو کس طرح جنسی طور پر مطمئن کریں گی؟

اگرچہ شویتا ریڈی نے بگ باس تیلگو کی انتظامیہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا، تاہم انہوں نے کسی بھی عہدیدار کا نام نہیں لیا۔

شویتا ریڈی تیلگو زبان کے چینل ’نیوز ریپبلک ٹی وی‘ میں ایگزیکٹو ایڈیٹر ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ بگ باس تیلگو کی انتظامیہ پر کسی خاتون صحافی نے اس طرح کے الزامات لگائے ہیں۔

بگ باس تامل کی میزبانی اداکار اکینینی نگر جونا کر رہےہیں
بگ باس تامل کی میزبانی اداکار اکینینی نگر جونا کر رہےہیں

تبصرے (0) بند ہیں