حکومت سے رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کی درخواست کی ہے، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2019
حکومت ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کرے، فواد چوہدری — فوٹو: ڈان نیوز
حکومت ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کرے، فواد چوہدری — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ سے درخواست کر رہے ہیں رویت ہلال کمیٹی کو ختم کردیا جائے اور ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم قمری کیلنڈر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں لے جانے کے لیے دفتر خارجہ کو خط لکھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چاند دیکھنے کی ایپ کو تمام اسلامی ممالک نے سراہا ہے، امید ہے او آئی سی ہمارے کیلنڈر کو منظور کر لے گی، انشااللہ قمری کیلنڈر امت مسلمہ کا مشترکہ کیلنڈر ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے موبائل کے ذریعے ادائیگیوں کے لیے ہوم ورک کر لیا ہے، تمام اشیا کی ادائیگی موبائل فون سے کرنے کا منصوبے پر کام جاری ہے۔

مزید پڑھیں: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 'قمری کیلنڈر' تیار کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ موبائل کے ذریعے ادائیگیاں شروع ہوگئیں تو شناختی کارڈز کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آگے جانے کا راستہ ایک ہی ہے، اگر ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں بنیاد نہیں رکھیں گے تو ہم ترقی نہیں کرسکتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور یورپی یونین کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمیں 10 انکیوبیشن سینٹرز بنا کر دیئے، کوشش ہے امریکا کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھایا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کرے، کابینہ سے درخواست کریں گے رویت ہلال کمیٹی کو ختم کردیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنس کانفرنس اب اگست کے بجائے 17 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نئے قمری کلنڈر کے تحت عیدالفطر کی پیشگوئی

فواد چوہدری نے کہا کہ کانفرنس میں بل گیٹس، گوگل کے سی ای او، فیس بک کے بانی مارک زکر برگ اور ملالہ یوسفزئی کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کیا ہے جو 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور پانچ سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

کیلنڈر سے متعلق فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا اور غروب ہوگا، جبکہ چاند کو گرہن کب لگے گا۔'

21 مئی کو وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تیار کردہ قمری کیلنڈر کے تحت عیدالفطر 5 جون کو ہونے کی پیشگوئی بھی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں