خاتون ٹیچر کو 13 سالہ شاگرد سے جسمانی تعلق پر 20 سال قید کی سزا

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2019
عدالت کا فیصلہ سننے کے بعد ملزمہ رونے لگی — اے پی فوٹو
عدالت کا فیصلہ سننے کے بعد ملزمہ رونے لگی — اے پی فوٹو

ایک خاتون ٹیچر کو 13 سالہ شاگرد کے ساتھ جسمانی تعلق پر 20 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

امریکی ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ بریٹینی زامورا کو گزشتہ سال مارچ میں کم عمر شاگرد سے جسمانی تعلق قائم کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے اس لڑکے (اس وقت اس کی عمر 12 سال تھی) سے متعدد بار کلاس روم اور گاڑی میں جسمانی تعلق قائم کیا تھا۔

برطانوی روزنامے انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق بریٹینی نے 10 بار شاگرد کے ساتھ جسمانی تعلق جبکہ 2 بار ریپ کا اعتراف کیا ہے، جبکہ وہ فحش مواد بھی اس بچے کو بھیجتی رہتی تھی۔

بریٹینی کو اس وقت پکڑا گیا جب چھٹی جماعت (اس وقت) کے طالبعلم کے والدین نے بیٹے کے رویے میں غیرمعمولی تبدیلیوں کا نوٹس لیا اور پھر اس کے فون میں ایک مانیٹرنگ سافٹ وئیر انسٹال کردیا۔

لڑکے کی ماں نے عدالت کو بتایا 'اس تعلق سے قبل وہ بہت معصوم بچہ تھا اور ٹیچر نے اس کی معصومیت ختم کردی، میرے خاندان کے ساتھ جو کچھ اس نے کیا، اس کی وجہ سے مجھے بریٹینی سے نفرت ہے'۔

اس نے مزید کہا 'اب وہ اپنی جوانی اور بلوغت کا بڑا حصہ جیل میں گزارے گی، میں اسے مزید اپنے بیٹے کی زندگی میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتی'۔

اس مقدمے میں عدالت نے ملزمہ کو 20 سال قید کی سزا سنائی جس کے دوران پیرول پر رہائی بھی نہیں دی جائے گی۔

عدالت میں ملزمہ نے اپنی حرکت پر معافی مانگتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ کمیونٹی کے لیے خطرہ نہیں 'میں ایک اچھی عورت ہوں جس نے غلطی کی اور اس پر دل سے پچتا رہی ہوں'۔

اس سے قبل رواں سال مارچ میں امریکی ریاست مشی گن میں ایک خاتون ٹیچر کو شاگر کے ساتھ سو سے زائد مرتبہ جنسی زیادتی کے الزام پر حراست میں لیا گیا۔

38 سالہ شادی شدہ خاتون ہیتھر ونفیلڈ کے خلاف اس وقت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا جب ان کے سابق شاگرد نے الزام لگایا کہ ان کو 100 سے زائد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اس کا آغاز تب سے ہوا جب وہ 11 سال کے تھے۔

ہیتھر ونفیلڈ کو 2016 میں شروع ہونے والی ایک طویل تفتیش کی روشنی میں جنوری میں حراست لیا گیا، یہ تحقیق اس وقت شروع ہوئی تھی جب وہ الپینا میں تھنڈر بے جونیئر ہائی اسکول میں استاد کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں