ماہرہ کی مقبولیت یا محبت میں سے ایک کے انتخاب کی کہانی

16 جولائ 2019
فلم عیدالضحیٰ پر سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم عیدالضحیٰ پر سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بلال اشرف طویل عرصے سے اپنی فلم 'سپراسٹار' پر کام کررہے ہیں جس کی ریلیز کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے ہے اور اب آخر کار اس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

اس سے قبل فلم کا ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا تھا تاہم اس سے فلم کے پلاٹ کا اندازہ نہیں ہوا البتہ اب ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کافی حد تک سمجھ آرہی ہے۔

3 منٹ 6 سیکنڈ دورانیے پر مبنی اس فلم کے ٹریلر میں ماہرہ خان کو ایک عام لڑکی کے انداز میں دکھایا گیا جو بیک اسٹیج کام کرتی ہے اور بہت بڑی سپر اسٹار بننے کا خواب دیکھتی ہے۔

دوسری جانب بلال اشرف کو ایک کامیاب سپراسٹار کے طور پر پیش کیا گیا، ان دونوں کی ایک موقع پر ملاقات ہوگی جس کے بعد یہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوجائیں گے۔

تاہم ان دونوں کے تعلقات پر مسائل اس وقت کھڑے ہوں گے جب ماہرہ بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ بنتے ہی بلال سے زیادہ بڑی اداکارہ بن جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان اور بلال اشرف کی 'سپراسٹار' کا نیا گانا ریلیز

'سپراسٹار' کے ٹریلر سے اس بات کا بھی اندازہ ہوا کہ کئی اور مقبول اداکار جیسے کبریٰ خان، ہانیہ عامر اس فلم میں مختصر کرداروں میں نظر آئیں گے۔

عاطف اسلم نے بھی فلم کے لیے ایک گانے کی گلوکاری کی ہے جسے ٹریلر کا بھی حصہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ فلم کی ہدایات محمد احتشام الدین نے دی ہیں، اس کی کہانی اذان سمیع خان نے لکھی ہے۔

فلم میں ماہرہ خان اور بلال اشرف کے علاوہ جاوید شیخ، ندیم بیگ، عاصمہ عباس اور علی کاظمی سمیت دیگر اداکار نظر آئیں گے۔

فلم 'سپراسٹار' رواں سال عیدالضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں